براڈشیٹ کا معاملہ حکومت کے گلے پڑگیا ہے: مریم نواز

  • ہفتہ 16 / جنوری / 2021
  • 5400

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ یہ لوگ نواز شریف کو بدنام کرنے چلے تھے لیکن براڈشیٹ کا معاملہ کے گلے پڑ گیا ہے۔

مریم نواز لاہور کی احتساب عدالت میں اپنے چچا اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور ان کے بیٹے حمزہ شہباز کی پیشی کے موقع پر ان سے ملاقات کے لیے پہنچی تھیں۔ انہوں نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے حکومت پر تنقید کی۔

انہوں نے کہا کہ براڈشیٹ میں انہوں نے اپنے فراڈ کرنے کے طریقے کو نواز شریف کے خلاف استعمال کرنے کی کوشش کی لیکن وہ الٹ ہوگیا اور نواز شریف کی بے گناہی اللہ نے ثابت کردی اور یہ خود پھنس گئے۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ انہوں نے قومی خزانہ برباد کیا جبکہ نکلا کچھ نہیں۔ یہ بھی معلوم ہوگیا کہ یہ اتنے کرپٹ، نااہل اور چور ہیں کہ انہوں نے براڈشیٹ سے بھی کمیشن مانگا۔

شہباز شریف اور حمزہ شہباز سے متعلق کہا کہ ان لوگوں کو نواز شریف کا ساتھ دینے پر انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو شہباز شریف سے خطرہ ہے۔ جس سے عمران خان کو خطرہ ہوتا ہے وہ اسے جیل میں رکھتا ہے۔ یہ خوف کی نشانی ہے۔ اپنی نااہلی اور نالائقی کی وجہ سے اسے شہباز شریف اپنے متبادل کے طور پر نظر آتے ہیں۔ اسی لیے عمران خان شہباز شریف کو انتخابی میدان سے باہر رکھنا چاہتے ہیں لیکن یہ دونوں بہت جلد باہر آئیں گے۔

یاد رہے کہ براڈشیٹ ایل ایل سی ایک برطانوی کمپنی ہے جو پرویز مشرف کے دور میں آئل آف مین میں رجسٹرڈ تھی اور اس نے پاکستانیوں کی جانب سے مبینہ طور پر غیرقانونی دولت کے ذریعے بیرون ملک خریدے گئے اثاثوں کا پتا لگانے کے لیے اس وقت کی حکومت اور قومی احتساب بیورو سے معاہدہ کیا تھا۔

کمپنی سے وابستہ رہنے والے ایک وکیل نے ڈان کو بتایا تھا کہ شریف خاندان براڈ شیٹ کی تحقیقات کا ’اعلیٰ ترین ہدف‘ تھا۔ تاہم گزشتہ دنوں کمپنی کے مالک کاوے موسوی کے انٹرویوز اور حکومتی رد عمل کی وجہ سے تنازعہ کھڑا ہؤا۔