حکومت سب سے مفید کورونا ویکسین حاصل کرناچاہتی ہے

  • ہفتہ 16 / جنوری / 2021
  • 6700

حکومت رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی تک انسداد کورونا ویکسین حاصل کرنے کے لیے پُرامید ہے۔ حکومت کی خواہش ہےت کہ سب سے مفید ویکسین حاصل کی جائے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے ڈان سے گفتگو میں کہا کہ رواں سال کی پہلی سہ ماہی میں ویکسین کا حصول ہمارا ہدف ہے۔ تاہم یہ کہنا کافی مشکل ہے کہ ہم کس تاریخ کو ویکسین حاصل کرسکیں گے۔ حکومت کووڈ 19 ویکیسن کی کچھ بین الاقوامی کمپنیوں سے قریبی رابطے میں تھی اور ہم ’اس کمپنی سے اس کو حاصل کریں گے جو اسے جلد تیار کرے گی‘۔

دوسری جانب وزارت صحت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت ویکسین حاصل کرنے کی خواہش مند تو ہے لیکن یہ جلدی میں نہیں۔ اس کا مقصد ہے کہ ’مؤثر لاگت اور بہترین نتائج کی حامل ویکسین حاصل کرے۔ ذرائع نے برازیل کی مثال دی جہاں ویکسین ٹیسٹ کی گئی تھی لیکن اس کی افادیت صرف 50 فیصد پائی گئی تھی جبکہ 70 سے 80 فیصد افادیت کے ساتھ ویکسین کو کامیاب تصور کیا گیا ہے۔

ڈاکٹر فیصل سلطان نے ویکسین کی خریداری میں حکومت کی جانب سے تاخیر کیے جانے کے تاثر کو مسترد کیا اور کہا کہ یہ کچھ دنوں کا معاملہ ہے ویکسین خریدنے کے احکامات دیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ چینی کمپنی کین سینو کی تیار کردہ ویکسین کے ٹرائل تکمیل کے قریب ہیں اور اگر اس کے تجربات کامیاب پائے جاتے ہیں تو حکومت اس دوا کو خریداری کے لیے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان (ڈریپ) کے ساتھ رجسٹرڈ کروائے گی۔

معاون خصوصی کا یہ بھی کہنا تھا کہ ملک کی آبادی 20 کروڑ ہے جس میں سے 10 کروڑ 18 سال سے کم عمر ہیں لہٰذا انہیں ویکسین نہیں دی جائے گی۔ پاکستان میں تقریباً 7 کروڑ افراد کو ویکسین دینے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔