کابل میں فائرنگ سے سپریم کورٹ کی 2 خاتون ججز ہلاک
- اتوار 17 / جنوری / 2021
- 5620
افغانستان کے دارالحکومت کابل میں سپریم کورٹ کی 2 افغان خاتون ججز کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا گیا۔ اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق عدالت کے ترجمان نے بتایا کہ ججز پر اس وقت حملہ کیا گیا جب وہ عدالت کی گاڑی میں دفتر آرہی تھیں۔
ترجمان نے کہا کہ بدقسمتی سے حملے کے نتیجے میں ہم اپنی 2 خواتین ججز سے محروم ہوگئے جبکہ واقعے میں ڈرائیور زخمی ہوا۔ ملک کی اعلیٰ عدلیہ کے لیے 200 سے زائد خواتین ججز کام کرتی ہیں۔ کابل پولیس نے بھی حملے کی تصدیق کی۔
اٹارنی جنرل کے دفتر کے ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ سپریم کورٹ کے لیے کام کرنے والی ججز تھیں۔ واضح رہے کہ حالیہ مہینوں میں افغانستان خاص طور پر کابل میں پرتشدد واقعات میں اضافہ ہوا ہے اور اعلیٰ شخصیات کی ٹارگٹ کلنگ کے نئے رجحان سے شہر میں خوف و ہراس پھیل رہا ہے۔
حالیہ حملہ پینٹاگون کے اس اعلان کے 2 روز بعد ہؤا ہے جس میں افغانستان میں فوجیوں کی تعداد ڈھائی ہزار کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ گزشتہ روز افغان مغربی صوبے ہیرات میں افغان ملیشیا کے 2 افراد نے اپنے ساتھیوں پر فائرنگ کرکے 12 افراد ہلاک کردیے تھے۔
اس جھڑپ مین حملہ آور مار دیے گئے تھے۔ دیگر افراد، ہتھیاروں اور گولہ بارود لے کر فرار ہوگئے تھے۔ بعد ازاں افغان حکومتی فورسز نے علاقے کا دوبارہ کنٹرول سنبھال لیا۔
علاوہ ازیں گزشتہ روز افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ایک بم دھماکے میں 2 پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔ کابل پولیس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ پولیس کی بکتر بند لینڈ کروزر میں بم نصب کیا گیا تھا جس کے پھٹنے سے 2 اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
یاد رہے قطر میں طالبان اور افغان حکومت کے درمیان معاہدے کے لیے بات چیت بھی ہورہی ہے۔ اس کے باوجود افغانستان میں آئے روز تشدد کے واقعات رونما ہورہے ہیں۔