مودی حکومت خطے میں استحکام کے لئے سنگین خطرہ ہے: عمران خان

  • سوموار 18 / جنوری / 2021
  • 4720

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بھارتی میڈیا نے گھناؤنے گٹھ جوڑ کا انکشاف کیا ہے۔ اس سے جوہری صلاحیت کا حامل خطہ کو سنگین تنازعہ کے دہانے پر لاسکتا ہے۔ ٹوئٹر پر بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ 2019 میں انہوں نے اقوامِ متحدہ میں اس حوالے سے بات کی تھی کہ بھارت کی فاشسٹ مودی حکومت نے بالا کوٹ حملے کو کس طرح مقامی انتخابات میں فائدے کے لیے استعمال کیا۔

اب بھارتی صحافی کے رابطوں سے مودی حکومت اور بھارتی میڈیا کے درمیان ناپاک گٹھ جوڑ کا انکشاف سامنے آیا ہے۔  اس سے خطہ عدم استحکام سے دوچار ہوسکتا ہے۔ اسے مکمل طور پر نظر انداز کرتے ہوئے نریندر مودی نے انتخابات جیتنے کے لیے خطرناک فوجی مہم جوئی کی۔

واضح رہے کہ وزیراعظم نے یہ بات ممبئی پولیس کی تحقیقات کی روشنی میں سامنے آنے والی رپورٹس کے تناظر میں کہی ہے۔ ان رپورٹس کے مطابق بھارتی  اینکر ارنب گوسوامی کو بالاکوٹ پر حملے کے بارے میں 3 روز پہلے ہی سے خبر تھی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بالاکوٹ حملے کا  نپا تلا جواب دے کر بڑے بحران کو ٹالا۔ اس کے باوجود مودی سرکار بھارت کو بدمعاش ریاست میں تبدیل کرنے کا کام جاری رکھے ہوئے ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ان کی حکومت مودی حکومت کے فاشزم اور پاکستان کی جانب بھارت کے متنازع عزائم کو بے نقاب کرتی رہے گی۔ عمران خان نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان میں دہشت گردی کی اسپانسر شپ، مقبوضہ کشمیر میں بدسلوکیاں اور ہمارے خلاف 15 سال سے جاری بھارت کی عالمی ڈِس انفارمیشن مہم آشکار ہوچکی ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ بین الاقوامی برادری بھارت کو اس کے جارحانہ اور عسکری ایجنڈے سے روکے۔