وفاقی کابینہ نے براڈ شیٹ معاملے کی تحقیقات کیلئے انکوائری کمیٹی بنا دی

  • منگل 19 / جنوری / 2021
  • 6820

وفاقی کابینہ نے براڈشیٹ معاملے کی تحقیقات اور اس سے ناجائز فائدہ اٹھانے والوں کے تعین کے لیے 5 رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری اور وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کہا کہ کمیٹی ہائی کورٹ یا سپریم کورٹ کے ایک سابق جج، وفاقی تحقیقاتی ادارے، اٹارنی جنرل کے دفتر سے ایک سینئر افسر، ایک سینئر وکیل اور وزیر اعظم کے نامزد کردہ افسر پر مشتمل ہوگی۔

کمیٹی کے ٹرمز آف ریفرنس تیار کر لیے گئے ہیں جس کے تحت وہ 45 دن کے اندر اپنی تحقیقات مکمل کرے گی۔ اس موقع پر شبلی فراز نے کہا کہ کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں قومی خزانہ لوٹنے والے مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ براڈشیٹ کیس ایسے حقائق پر مبنی ہے جس کے ذریعے سابق حکمرانوں کی بدعنوانی کو سامنے لایا گیا ہے۔

شبلی فراز نے الیکشن کمیشن کے دفتر کے سامنے اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے احتجاج پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے اپوزیشن کا بیانیہ مسترد کردیا ہے۔  اس موقع پر فواد چوہدری نے کہا کہ ایک بات ماننی پڑے گی کہ شریف خاندان نے کرپشن کو باقاعدہ آرٹ کی شکل دی ہے۔