چین ویکسین کی 5 لاکھ خوراکیں مفت فراہم کرے گا: شاہ محمود قریشی

  • جمعرات 21 / جنوری / 2021
  • 4770

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ چین نے 31 جنوری تک کورونا ویکسین کی 5 لاکھ خوراک فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے۔

اپنے چینی ہم منصب وانگ یی سے ٹیلی فونک رابطے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چینی وزیر خارجہ سے طویل گفتگو میں پاکستان کی ضروریات کا ذکر کیا گیا۔ چین پاکستان کوفی الفور 5 لاکھ ویکسین کی خوراکیں فراہم کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ چینی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ اپنا جہاز بھیجئے اور اس دوا کو فی الفور لے جائیں۔ یہ ایک خوش آئند خبر ہے۔ اس سے بہت جانیں بچانے میں کامیابی ہوگی۔  شاہ محمود قریشی نے کہا مستقبل میں بھی چین سے ویکسین کین مزید خوراکیں ملنے کا امکان ہے۔ چین کورونا کا مقابلہ کرنے کے لئے پاکستان کے ساتھ ترجیحی بنیاد پر تعاون کرے گا۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان میں کینسنو ویکسن کی آزمائش جاری ہے اور اس کے بڑے اچھے نتائج نکلے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی آبادی بہت بڑی ہے۔ ہماری ضروریات بھی اس کے مطابق کافی ہیں۔ آبادی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے ہم  ویکسین کی پیداوار کے لیے مل کر آگے بڑھ سکتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ چین ویسکین کی پہلی کھیپ کسی ادائیگی کے بغیر خیر سکگالی کے طور پر پاکستان کو دے گا۔  یاد رہے کہ 18 جنوری کو ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان (ڈریپ) نے چینی سرکاری کمپنی سائنوفام کی تیار کردہ  کووڈ-19 ویکسین کی منظوری دے دی تھی۔