کریمنل جسٹس سسٹم میں اصلاحات اہم ہیں: وزیراعظم
- جمعرات 21 / جنوری / 2021
- 5710
وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ہم اپنے عدالتی نظام کو بہتر کر رہے ہیں جس میں کریمنل جسٹس سسٹم کی اصلاحات سب سے اہم ہیں۔
اسلام آباد میں لیٹر آف ایڈمنسٹریشن، وراثتی سرٹیفکیٹ اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ نادرا نے وراثتی سرٹیفکیٹس کے آن لائن اجرا کا نظام بنا کر اہم قدم اٹھایا ہے۔ سول پروسیجر کورٹس بھی زبردست اقدام ہے جس سے جن کیسز کے فیصلوں میں 30 سال لگ جاتے تھے اب فیصلے جلد آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنے عدالتی نظام کو بہتر کر رہے ہیں جس میں کریمنل جسٹس سسٹم کی اصلاحات سب سے اہم ہیں۔ ملک میں امن و امان سے متعلق پیش آنے والے واقعات کی بڑی وجہ بھی یہ ہے ہمارا کریمنل جسٹس سسٹم انصاف دینے میں بہت دیر کرتا ہے جس سے مجرموں کو حوصلہ ملتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ خواتین کے وراثت کے حق کے حوالے سے بھی جلد عملی اقدام سامنے لانے والے ہیں۔ کیونکہ خواتین کو شاید شہروں میں تو شریعت کے مطابق وراثت میں حصہ ملتا ہو لیکن دیہاتوں میں بلکل نہیں ملتا۔
اس دوران وزارت قانون نے متوفی کے قانونی ورثا کی جانب سے دی گئی درخواست کے 15 دن کے اندر انتظامی امور اور وراثتی سرٹیفیکیٹس کے لیٹر جاری کرنے کے لیے نادرا کے تعاون سے وراثتی سہولت یونٹس کے قیام کے لیے ایک نظام وضع کیا ہے۔