چین کی پاکستان کو تیزی سے ویکسین فراہم کرے گا

  • ہفتہ 23 / جنوری / 2021
  • 5490

چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ہوا چونینگ نے کہا ہے کہ چینی حکومت کووڈ-19 ویکسین کی ایک کھیپ پاکستان کو بطور امداد فراہم کرے گی۔ پاکستان کو تیزی سے ویکسین فراہم کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔

پریس بریفنگ کے دوران ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کے ایک سوال کے جواب میں چینی ترجمان نے کہا کہ کووڈ-19 کی وبا کے بعد سے چین اور پاکستان مشکلات پر قابو پانے کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں۔  چینی قونصلر وینگ یی نے چینی حکومت کے اس فیصلے سے گزشتہ روز وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو فون پر آگاہ کیا تھا۔ پاکستان میں اپنے بھائیوں اور بہنوں کو سپورٹ کرنے کے لیے چینی حکومت نے بطور امداد ویکسین فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان کو ویکسین کی برآمد میں تیزی لانے کے لیے متعلقہ چینی انٹرپرائز کے ساتھ فعال طور پر ہم آہنگی پیدا کی جائے گی۔

تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ چین کتنی مقدار میں ویکسین فراہم کرے گا اور نہ ہی متعلقہ چینی کاروباری اداروں کا نام بتایا۔ یہ تصدیق ایک ایسے موقع پر کی گئی ہے جب ایک دن قبل ہی شاہ محمود قریشی بتایا تھا کہ چین نے پاکستان کو 31 جنوری تک ایک کورونا ویکسین کی 5لاکھ خوراکیں فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا تھا کہ انہوں نے چینی وزیر خارجہ کے ساتھ تفصیلی گفتگو کی جس میں انہوں نے پاکستان کی ضروریات پر تبادلہ خیال کیا۔ ایک ٹوئٹ میں شاہ محمود قریشی نے عندیہ دیا تھا کہ پاکستان کو فراہم کی جانے والی ویکسین سائنوفام کی ہوگی جس کی ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے رواں ہفتے کے اوائل میں ملک میں ہنگامی بنیادوں پر استعمال کی منظوری دی تھی۔

یہ ویکسین بیجنگ انسٹی ٹیوٹ آف بایولوجیکل پراڈکٹس نے تیار کی ہے جو سرکاری ادارے سائنوفام کے ماتحت ادارہ ہے۔ کمپنی نے گزشتہ ماہ اعلان کیا تھا کہ آخری مرحلے میں ہونے والے کیسز کے ابتدائی اعداد و شمار نے اسے 79.3 فیصد مؤثر ثابت کیا ہے۔ گزشتہ ہفتے، ڈریپ نے آکسفورڈ یونیورسٹی-ایسٹرازینیکا کی کووڈ -19 ویکسین کو بھی ہنگامی استعمال کے لیے منظور کیا تھا۔

اس ہفتے کے اوائل میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے امی ظاہر کی تھی کہ مارچ تک کورونا وائرس کی کم از کم 10 لاکھ خوراک کی فراہم ہوجائیں گی۔