آزاد کشمیر میں دو ٹریفک حادثات، ماں بیٹے سمیت 8 افراد جاں بحق

  • سوموار 25 / جنوری / 2021
  • 4940

آزاد کشمیر کے دارلحکومت مظفرآباد کے نواح میں علی الصبح دو مختلف ٹریفک حادثات میں ماں بیٹے سمیت آٹھ افراد جاں بحق اور چھ زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق دونوں حادثے پہاڑی رابطہ سڑکوں پر برف باری کے باعث پھسلن کے باعث پیش آئے۔  پہلا حادثہ صبح سات بجے پیش آیا جب ایک ہائی ایس ویگن پھسلن کے باعث تولہ کے مقام پر سڑک سے دو سو گز نیچے ایک کھیت میں جا گری۔ دچھور فقیراں سے گڑھی ڈوپٹہ قصبہ میں آنے والی اس ہائی ایس میں ڈرائیور سمیت چھ افراد سوار تھے۔ حادثے کے نتیجے میں ڈرائیور اور 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔

 دوسرا حادثہ ایک جیپ کو مُوری موڑ نامی مقام پر صبح 9 بجے اس وقت پیش آیا جب ایک بس ست پِہالی گاوٴں سے مرکزی شاہراہ پر واقع کرولی گاوٴں آرہی تھی۔ مسافر بس پتھریلی ڈھلوان پر لڑھکتی ہوئی دو سو گز نیچے جاگری۔ جس کے نتیجہ میں ماں بیٹے سمیت 5 افراد موقع پر جاں بحق اور میاں بیوی سمیت تین دیگر شدید زخمی ہوئے۔

آزادکشمیر کے وزیراعظم نے ٹوئٹر پیغام میں ٹریفک سڑک کے حادثات میں آٹھ افراد کی ہلاکت اور چھ دیگر کے زخمی ہونے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے جاں بحق افراد کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحتابی کی دعا کی۔

انہوں نے عوام سے اپیل بھی کی کہ وہ بارش و برف باری سے متاثرہ پہاڑی علاقوں میں ڈرائیونگ کرتے ہوئے احتیاط سے کام لیں۔ واضح رہے کہ موسم سرما میں پہاڑی علاقوں میں برف باری اور بارش کے باعث ہونے والی پھسلن شدید دھند کی وجہ سے اکثر خطرناک حادثات رونما ہوتے رہتے ہیں۔