ملک کی سیاست کیلئے اگلے چند ماہ بہت اہم ہیں: زرداری

  • سوموار 25 / جنوری / 2021
  • 4960

پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ملک کی سیاست میں اگلے کچھ ماہ بہت اہم ہیں۔

پیپلزپارٹی پنجاب کے سیکریٹری جنرل چوہدری منظور سے ٹیلی فونک گفتگو میں آصف زرداری نے خبردار کیا کہ ’ حکومت موجود صورتحال میں غلطی کرسکتی ہے جس سے ملک بہت بڑے خطرے سے دوچار ہوسکتا ہے پیپلزپارٹی پنجاب کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق آصف زرداری کا کہنا تھا کہ ’پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ متحد ہے اور یہ حکومت کے خلاف ہر قسم کااحتجاج جاری رکھے گی۔

سابق صدر کا کہنا تھا کہ وقت آگیا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت گھر جائے کیونکہ اس کی نااہلی اور غیرتجربہ کاری ملک کو بڑے بحران سے دوچار کرسکتی ہے۔ ’پی ڈی ایم، تحریک انصاف حکومت سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے آہستہ آہستہ تمام آپشنز کا استعمال کرے گی۔ یہ تحریک حکمرانوں کو کووڈ 19 کی وبا کے پیچھے مزید نہیں چھپنے دے گی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نہ کبھی کورونا وائرس ویکسین حاصل کرے گی اور نہ عوام پر کچھ خرچ کرے گی۔ مرکز میں پیپلزپارٹی کے دور حکومت کا پی ٹی آئی کے موجودہ دور سے مقابلہ کرتے ہوئے آصف زرداری نے دعویٰ کیا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت عالمی معاشی کسادبازاری کے باوجود ملک کی برآمدات کو 19 ارب سے 26 ڈالر تک پہنچا دیا تھا اور ریونیو بھی دوگنا کردیا تھا۔

پیپلزپارٹی حکومت نے سرکاری ملازم کی تنخواہوں میں 125 فیصد تک اور پینشن پر 100 فیصد تک اضافہ کیا تھا۔ سابق صدر کے مطابق ’یہ سلیکٹڈ حکمران اپنے ہی وزن کے ساتھ گر جائیں گے بس آخری دھکے کی ضرورت ہے‘۔

شریک چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کے ساتھ مل کر پیپلزپارٹی اس ناکام اور نااہل کو گھر بھیجے گی۔ واضح رہے کہ سابق زرداری کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا جب کچھ روز قبل ہی ان کے صاحبزادے اور پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے حکومت کو گھر بھیجنے کے لیے تحریک عدم اعتماد لانے کا عندیہ دیا تھا۔

موہنجو داڑو میں ایک تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا تھا کہ 'پیپلز پارٹی، پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے جمہوری، آئینی و قانونی طریقے سے اس حکومت کو گھر بھیجے گی۔

 پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ، 20 ستمبر 2020 کو اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس کے بعد تشکیل پانے والا 11 سیاسی جماعتوں کا اتحاد ہے جو حکومت مخالف تحریک چلارہا ہے۔