پاکستان میں کورونا ویکسین لگانے کا جامع منصوبہ بنا لیا گیا
- بدھ 27 / جنوری / 2021
- 5510
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے ملک میں کورونا وائرس کے خلاف تحفظ کےلئے ویکسین لگانے کے لیے ایک جامع پلان مرتب کرلیا ہے۔
ایک اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ این سی او سی کا اجلاس وفاقی ویزر برائے ترقی و منصوبہ بندی اسد عمر اور نیشنل کورآرڈینیٹر این سی او سی لیفٹیننٹ جنرل حمود الزماں خان کی سربراہی میں ہوا۔ وزیر تعلیم شفقت محمود، سندھ کے وزیر صحت اور تمام وفاقی اکائیوں کے چیف سیکریٹریز نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں ویکسین لگانے کی حکمت عملی، تعلیمی اداروں کے کھولنے پر غور کیا گیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک بھر میں ویکسینیشن سینٹرز قائم کیے گئے ہیں جبکہ کووڈ 19 ویکیسن لگانے کی تیاری کے لیے اسٹاف کی تربیت اور دیگر انتظامات مکمل ہوگئے ہیں۔ ویکسین پلان کو وفاق نے تمام صوبوں اور اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کے بعد مرتب کیا ہے۔ یہ پلان بہترین مروجہ عالمی اصولوں اور صحت کی گائڈلائنز کو مدنظر رکھتے ہوئے ترتیب دیا گیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ ویکسین اسٹریٹجی کا مقصد صحت مند ماحول اور حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق ایک مربوط نظام کے تحت لوگوں کو ویکسین لگانا ہے۔ یہ بھی بتایا گیا کہ نیشنل امیونائزیشن منیجمنٹ سسٹم کو قومی سطح پر نیشنل ویکسین ایڈمنسٹریشن اینڈ کوآرڈینیشن سیل کے ذریعے چلایا جائے جو این سی او سی میں قائم کیا گیا ہے۔
اس نظام کی مزید تفصیلات سے متعلق بتایا گیا کہ مذکورہ نظام کو رجسٹرڈ شہریوں کو مقررہ اے وی سی اور اپائنمنٹ کی تفصیلات خود بخود بھیجنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ این سی او سی نے بتایا کہ جب عوام کو آگاہ کیا جائے گا تو انہیں ویکسینیشن کے لیے 8 طریقہ کار پر عمل درآمد کرنا ہوگا۔
تمام شہری ایس ایم ایس کے ذریعے ’1166‘ پر اپنا قومی شناختی کارڈ نمبر بھیجیں گے یا رجسٹریشن کے لیے این آئی ایم ایس کی ویب سائٹ کا استعمال کریں گے۔ تصدیق کے بعد موجودہ پتے کی بنیاد پر نامزد اے وی سی اور پن کوڈ شہریوں کو بذریعہ ایس ایم ایس بھیجا جائے گا۔
مقررہ ویکسین سینٹر پر ویکسین کی دستیابی پر اپائنمنٹ کی تاریخ سے قبل شہریوں کو ایس ایم ایس بھیجا جائے گا۔ کامیاب رجسٹریشن کے بعد شہری اپنا شناختی کارڈ اور موصول شدہ پن کوڈ (لازمی) کے ساتھ مقررہ تاریخ اور وقت پر اے وی سی آئیں گے۔ اے وی سی میں ویکسین اسٹاف شناختی کارڈ اور پن کوڈ کی تصدیق کرے گا۔
تصدیق کے بعد شہریوں کو ویکسین لگائی جائے گی اور انتظامیہ این آئی ایم ایس میں تفصیلات کا اندراج کرے گی۔ شہری کو ایس ایم ایس کے ذریعے تصدیقی پیغام بھیجا جائے گا۔ اس طریقہ کار سے وفاقی، صوبائی اور ضلعی محکمہ صحت کیلئے ریئل ٹائم ڈیش بوڈ خود کار طریقے سے تیار ہوگا۔