باہمی رضامندی کے بعد ملائشیا کی عدالت نے پی آئی اے کا طیارہ واگزار کردیا

  • بدھ 27 / جنوری / 2021
  • 5340

ملائیشیا کی ایک عدالت نے بدھ کے روز طیارے کی لیز کے معاملے پر دو ہفتے قبل روکے گئے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کا طیارہ فوری ریلیز کرنے کا حکم دیا ہے۔

ملائیشین حکام نے 15 جنوری کو پی آئی اے کا بوئنگ 777 طیارہ  تحویل میں لینے کا حکم دیا تھا۔  ملائشین عدالت نے برطانیہ کی ایک عدالت میں پی آئی اے کے ساتھ ایک کروڑ 40لاکھ ڈالر لیز کے تنازع کے زیر التوا مقدمے کے نتیجے تک طیارے کو گراؤنڈ کرنے کا حکم دیا تھا۔ ایئر لائن کی نمائندگی کرنے والے ایک وکیل کے مطابق فریقین آؤٹ آف کورٹ معاملہ طے کرنے پہر راضی ہوگئے ہیں۔ جس کے بعد کوالالمپور ہائی کورٹ نے طیارے کو فوری طور پر رہا کرنے کا حکم دیا۔

پی آئی اے کے وکیل کوان ول سین ​​نے کہا کہ پیریگرین پی آئی اے سی کے خلاف اپنا مقدمہ واپس لینے اور حکم امتناعی احکامات کو مسترد کرنے پر رضامند ہوگئی ہے۔ پی آئی اے سی کے زیرانتظام دو بوئنگ طیارے فوری ریلیز کیے جائیں گے۔ دونوں جیٹ طیارے پی آئی اے نے 2015 میں ایرکیپ سے لیز پر لئے تھے۔

واضح رہے کہ 15 جنوری کو ملائیشیا کی ایک مقامی عدالت کے حکم پر کوالالمپور ایئرپورٹ پر پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کا مسافر طیارہ بوئنگ 777 روک لیا گیا تھا۔ بی ایم ایچ رجسٹریشن کا حامل بوئنگ طیارہ لیز کمپنی کو ادائیگی نہ ہونے کے باعث روکا گیا۔

طیارے کی قابل ادا رقم کی مالیت مبینہ طور پر 14 ملین ڈالرز ہے اور اس ضمن میں لندن کی عدالت میں معاملہ ثالثی کے مراحل میں تھا۔  ثالثی کے باوجود لیز کمپنی نے ملائیشیا کی مقامی عدالت سے طیارہ روکنے کا حکم نامہ جاری کروایا اور عدالتی حکم پر طیارے کو ٹیک آف سے قبل روک دیا گیا تھا۔