برطانوی عدالت نے ابراج گروپ کے بانی عارف نقوی کی امریکا حوالگی کی اجازت دے دی

  • جمعرات 28 / جنوری / 2021
  • 4660

برطانیہ کی ویسٹ منسٹر مجسٹریٹ کورٹ نے ابراج گروپ کے بانی عارف نقوی کو امریکا کے حوالے کرنے کا حکم دیا ہے۔

سیکریٹری خارجہ کے فیصلے کے بعد عارف نقوی، حوالگی ایکٹ 2003 کے سیکشن 92 کے تحت فیصلے کے خلاف اپیل دائر کر سکتے ہیں۔ برطانیہ میں عارف نقوی کی حوالگی کیس کی سماعت کا آغاز گزشتہ سال ہوا تھا۔ انہیں اور دیگر متعدد افراد کو امریکی پراسیکیوٹرز بین الاقوامی سطح پر سرمایہ کاروں سے جعل سازی اور دھوکہ دہی کی اسکیم کا حصہ ہونے پر مقدمہ چلانا چاہتے ہیں۔ اس معاملہ میں بِل اینڈ ملینڈا گیٹس فاؤنڈیشن بھی متاثر ہوئی تھی۔

عارف نقوی نے ان الزامات سے انکار کیا تھا۔ برطانوی عدالت میں عارف نقوی کے وکلا نے کہا تھا کہ امریکی انتظامیہ نے برطانیہ سے تعلق رکھنے والے شریک ملزم کے خلاف شواہد پر بڑے پیمانے پر انحصار کیا ہے۔ دبئی سے تعلق رکھنے والا ابراج گروپ 2018 میں ختم ہونے سے قبل مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ میں سب سے بڑا فنڈ تھا۔

سرمایہ کاروں کی طرف سے ایک ارب ڈالر کے ہیلتھ کیئر فنڈ کا انتظام سنبھالنے کے حوالے سے خدشات سامنے آنے کے بعد یہ گروپ ختم ہوگیا تھا۔ عارف نقوی کے وکلا نے کہا کہ حوالگی کی درخواست کو مسترد کردیا جانا چاہیے کیونکہ امریکا کے الزامات کے مطابق ان کی سرگرمیوں کا ایک بڑا حصہ لندن میں تھا۔

وکلا کا کہنا تھا کہ عارف نقوی کو امریکہ کے حوالے کیا گیا تو یہ ماننے کی وجوہات موجود ہیں کہ انہیں امریکا میں ٹرائل سے قبل حراست میں لے لیا جائے گا۔ وکیل صفائی کا کہنا تھا کہ نیویارک میں انہیں ایسی جیل میں رکھا جاسکتا ہے جہاں انسانی حقوق سے متعلق یورپی کنونشن کے آرٹیکل 3 کے مطابق حالات موافق نہیں ہیں۔