مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے پاکستان، بھارت سنجیدہ مذاکرات کریں: اقوام متحدہ
- جمعہ 29 / جنوری / 2021
- 4800
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پاکستان اور بھارت کو ثالثی کی پش کش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں جوہری طاقتیں اپنے مسائل اور خصوصاً مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے سنجیدہ مذاکرات کریں۔
سرکاری خبر ایجنسی اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے 2021 کی پہلی پریس کانفرنس کے موقع نمائندے کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ بھارت اور پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے مل کر سنجیدگی سے بات چیت کریں۔ اس سلسلے میں ثالثی کے لیے ان کی بطور سربراہ اقوام متحدہ خدمات ہر وقت دستیاب ہیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ طویل عرصے سے حل طلب مسئلہ کشمیر کا کوئی فوجی حل نہیں ہے کیونکہ یہ واضح ہے کہ پاکستان اور بھارت کے مابین کوئی بھی فوجی تصادم نہ صرف دونوں ممالک بلکہ پوری دنیا کے لیے بڑی تباہی کا باعث ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ میرا ماننا ہے کہ لائن آف کنٹرول اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشیدگی کا خاتمہ بہت ضروری ہے۔ دونوں ممالک مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے مل کر سنجیدگی سے بات چیت کریں۔
مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں تمام علاقوں میں انسانی حقوق کا احترام بہت ضروری ہے۔ اونتونیو گوتریس نے کہا کہ وہ اقوام متحدہ کے چارٹر اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت مسئلہ کشمیر کے حل کے مطالبے کے حوالے سے 8 اگست 2019 کو دیے گئے اپنے بیان پر قائم ہیں۔