ملک میں بدعنوانی محض اڑھائی برس میں ختم نہیں ہوسکتی: شبلی فراز
- جمعہ 29 / جنوری / 2021
- 5140
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ ملک میں بدعنوانی کی جڑیں اس قدر گہری ہیں کہ محض اڑھائی ھائی برس میں ختم نہیں ہوسکتیں۔ وہ ٹرانسپرینسی انٹررنیشنل کی اس رپورٹ پر تبصرہ کررہے تھے کہ تحریک انصاف کے دور حکومت میں بدعنوانی میں اضافہ ہؤا ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ ہم صرف اتنا کہہ سکتے ہیں کہ وزیراعظم عمران خان کی کوئی صنعت ہے اور نہ کوئی کاروبار ہے۔ لیکن ماضی میں وزیر اعظم کاروبار کے ساتھ اقامے پر نوکریاں بھی کرتے تھے۔ سینیٹ کے انتخابات میں کرپشن کا تاثر پیدا ہوگا جس سے ملک کے بارے میں بدعنوانی کی درجہ بندی متاثر ہوگی اس لیے ہماری کوشش ہے کہ چیزیں بتدریج بہتر ہوں۔
سندھ میں گیس کی لوڈشیڈنگ سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دیگر صوبوں کو ملنے والی گیس آٹے میں نمک کے برابر ہے۔ مردم شماری کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت شامل ہوگی اور وفاق بھی اپنا کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے حکومت سندھ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے روشنیوں کے شہر کراچی کو گھنڈر بنادیا ہے۔
شبلی فراز نے کہا کہ اشرافیہ پر مبنی حکومت سندھ کی کرپشن کی داستان پورے ملک میں مشہور ہے۔ لاڑکانہ کی بد حالی کو دیکھ کر دیگر اضلاع کے بارے میں اندازہ لگانا مشکل نہیں ہے۔ حکومت سندھ نے کورونا وبا کے معاملے میں بھی وفاق کی مخالفت کی اور اپنے عمل سے معاشی بحران پیدا کیا۔
وفاقی وزیر نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کو عوام کی حمایت حاصل نہیں ہے۔