ڈینیئل پرل کیس: حکومت سندھ نے ملزمان کی بریت کے خلاف نظرِثانی اپیل دائر کردی

  • جمعہ 29 / جنوری / 2021
  • 4280

سندھ حکومت کے وکیلوں نے ڈینئیل پرل کیس مے ملزموں کی رہائی کے فیصلہ پر نظر چانی کی درخواست دائر کی ہے۔ سپریم کورٹ کت تین رکنی بنچ نے گزشتہ روز عمر شیخ سمیت سب ملزموں کو رہا کرنےکا حکم دیا تھا۔

پراسیکیوٹر جنرل سندھ نے کہا ہے کہ انہوں نے اسلام آباد میں سپریم کورٹ کے حکم پر نظرِ ثانی کی درخواست دائر کی ہے۔ فیصلے پر نظر ثانی کرنے کے لیے پٹیشن دائر کی گئی ہے اور عدالت سے بریت کے فیصلے کو واپس لینے کی استدعا کی گئی ہے۔ ملزم عمر شیخ کراچی کی سینٹرل جیل میں قید ہے جہاں کے ایک عہدیدار کا کہنا تھا کہ انہیں باضابطہ طور پر عدالت سے رہائی کے احکامات موصول نہیں ہوئے۔ شناخت نہ ظاہر کرنے کی شرط پر عہدیدار نے مزید کہا کہ جیسے ہی ہمیں احکامات موصول ہوں گے ہم اس پر عملدرآمد کریں گے۔

اس دوران امریکا کے وزیر خارجہ انتھونی بلنکن نے پاکستانی عدالت کے فیصلے کے بعد ایک بیان میں امریکی شہری کو قتل کرنے کے الزام میں عمر شیخ کے خلاف امریکا میں قانونی کارروائی کا عندیہ دیا تھا۔ انہوں نے کہا ہے کہ ہم ڈینیئل پرل کے اہلِ خانہ کے لیے انصاف حاصل کرنے اور دہشت گردوں کا احتساب کرنے کے لیے پر عزم ہیں۔

یاد رہے کہ امریکی اخبار وال اسٹریٹ جنرل کے جنوبی ایشیا کے بیورو چیف 38 سالہ ڈینیئل پرل کراچی میں مذہبی انتہا پسندی پر تحقیق کررہے تھے جب انہیں جنوری 2002 میں اغوا کے بعد قتل کردیا گیا تھا۔

انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ملزم احمد عمر سعید شیخ المعروف شیخ عمر کو سزائے موت جبکہ شریک ملزمان فہد نسیم، سلمان ثاقب اور شیخ عادل کو مقتول صحافی کے اغوا کے جرم میں عمر قید کی سزا سنائی تھی۔

سندھ ہائی کورٹ نے امریکی صحافی ڈینیئل پرل کے اغوا کے بعد قتل کے مقدمے میں 4 ملزمان کی انسداد دہشت گردی کی عدالت کی جانب سے سزا کے خلاف دائر اپیلوں پر فیصلہ سناتے ہوئے 3 کی اپیلیں منظور کرلی تھیں جبکہ عمر شیخ کی سزائے موت کو 7 سال قید میں تبدیل کردیا تھا۔

امریکہ نے ڈینئل پرل قتل کیس کے ملزمان کی رہائی سے متعلق عدالتی فیصلے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ کیس کے مرکزی ملزم احمد عمر سعید شیخ کے خلاف اپنے ملک میں مقدمہ چلانے کے لیے تیار ہے۔  امریکہ کے محکمہ خارجہ نے پاکستان کی حکومت سے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ وہ اعلیٰ عدالت کے فیصلے پر نظرثانی کرتے ہوئے ایسے تمام قانونی راستے اختیار کرے گی جس سے انصاف کا حصول ممکن ہو۔

پاکستان کی سپریم کورٹ نے جمعرات کو ڈینئل پرل قتل کیس کے مرکزی ملزم احمد عمر شیخ اور دیگر ملزمان کی رہائی سے متعلق سندھ ہائی کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے تمام ملزمان کی فوری رہائی کا حکم دیا تھا۔