امریکی وزیر خارجہ کی پاکستان و بھارت کے وزرائے خارجہ سے فون پر بات چیت

  • ہفتہ 30 / جنوری / 2021
  • 6390

امریکہ کے وزیرِ خارجہ انتھونی بلنکن نے پاکستان اور بھارت کے وزرائے خارجہ سے ٹیلی فون پر بات چیت کی ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے ساتھ مشترکہ امور پر تبادلۂ خیال کیا۔

امریکہ کے اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے ترجمان کے مطابق وزیرِ خارجہ  بلنکن نے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی سے گفتگو میں امریکی صحافی ڈینئل پرل کے اغوا اور قتل میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی پر گفتگو کی۔ افغانستان میں امن عمل میں تعاون جاری رکھنے پر بھی بات چیت کی گئی۔ دونوں ممالک میں باہمی تعلقات کو وسعت دینے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

امریکہ کے وزیرِ خارجہ انتھونی بلنکن کا کہنا تھا کہ پاکستان کے وزیرِ خارجہ سے گفتگو میں خطے میں استحکام کے لیے واشنگٹن ڈی سی اور اسلام آباد کے درمیان تعاون جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ انہوں نے اپنے بیان میں پاکستان کی سپریم کورٹ سے ڈینئل پرل قتل کیس میں رہا ہونے والے احمد عمر سعید شیخ کے خلاف کارروائی پر زور دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ شاہ محمود قریشی سے گفتگو میں اس بات کو یقینی بنانے کے لیے بات کی ہے کہ ڈینئل پر قتل کیس میں مجرم قرار دیے گئے احمد عمر سعید شیخ اور دیگر کا احتساب کیا جائے۔ پاکستان کی وزارتِ خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے  بلنکن کو عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد دی۔ انہوں نے دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات کے استحکام پر مبنی جامع شراکت داری کے عزم کا اظہار کیا۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وزیرِ اعظم عمران خان کا ایک نیا وژن ہے۔ جس میں وہ معاشی شراکت داری، پڑوسیوں کے ساتھ پر امن قائم تعلقات کرنے اور علاقائی تعاون کو بڑھانے کے خواہاں ہے۔ افغانستان میں مذاکرات کے ذریعے سیاسی حل دونوں ممالک کے درمیان بنیادی ہم آہنگی میں سے ایک ہے۔ افغانستان میں جاری پر تشدد کارروائیوں میں کمی افغانستان میں جنگ بندی اور جامع سیاسی حل کو یقینی بنانے کے لیے ضروری ہے۔

امریکی وزیر خارجہ سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان نے افغان امن عمل میں معاونت کی ہے۔ اسلام آباد افغانستان میں امن کے قیام کے لیے امریکہ کے حلیف کے طور پر کام کرنے کے لیے پُر عزم ہے۔ شاہ محمود قریشی نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی بے پناہ قربانیوں کا ذکر کیا اور اس کے خلاف کیے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی۔

دونوں وزرائے خارجہ نے مسلسل رابطوں میں رہنے، دو طرفہ معاملات کو آگے بڑھانے اور مشترکہ مفادات کے فروغ کے لیے کام کرنے پر اتفاق کیا۔

امریکہ کے وزیرِ خارجہ انتھونی بلنکن کی بھارت کے وزیرِ خارجہ ایس جے شنکر سے بھی گفتگو ہوئی جس میں دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری اور مشترکہ معاملات سے متعلق بات چیت کی گئی۔ دونوں عہدیداروں کے درمیان کورونا ویکسین سے متعلق اقدامات، علاقائی تعاون اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید بڑھانے سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔

امریکی وزیرِ خارجہ نے گفتگو میں خطے میں بھارت کے کردار اور علاقائی تعاون میں اس کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے عالمی معاملات پر پیش رفت پر ہم آہنگی قائم کرتے ہوئے جلد سے جلد ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا۔