ویکسین کی پہلی کھیپ چین سے پاکستان پہنچ گئی
- سوموار 01 / فروری / 2021
- 5500
چین سے کورونا وائرس کی ویکسین کی پہلی کھیپ پاکستان پہنچ گئی جسے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وصول کیا۔
نور خان ایئربیس پر ویکسین کی کھیپ وصول کرنے کے لئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان اور چینی سفیر نونگ رونگ کے علاوہ دونوں ملکوں کے اہم عہدیدار موجود تھے۔
ویکسین کی حوالگی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چینی سفیر نے کہا کہ آج چینی حکومت کی جانب سے عطیہ کی گئی ویکسین پاکستان پہنچ گئی ہے۔ مجھے یہ بتاتے ہوئے فخر محسوس ہورہا ہے کہ پاکستان دنیا میں پہلا ملک ہے جسے چینی حکومت کی جانب سے عطیہ کی گئی ویکسین ملی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے اُمید ہے اور ہر کوئی اس بات میں مجھ سے اتفاق کرے گا کہ یہ ویکسین صرف پاکستان کی ضرورت ہی نہیں بلکہ یہ ہمارے بھائی چارے کا عملی مظہر ہے۔ صدر شی متعدد بار کہہ چکے ہیں کہ چین نے اپنے وعدے پر پورا اترتے ہوئے ایک ماہ کے اندر ہی دنیا بھر کو ویکسین کی فراہمی یقینی بنائی ہے اور اس سلسلے میں معاونت کے لیے اپنی بہترین کاوشوں کا مظاہرہ کیا ہے۔
پاکستان دیرینہ دوست کی حیثیت سے ہماری پہلی ترجیح ہے اور میں سینوفارم ویکسین کے ایمرجنسی بنیادوں پر استعمال کی منظوری اور اس سلسلے میں تعاون کرنے پر ہم پاکستان کے شکر گزار ہیں۔ ہمیں اُمید ہے کہ اس دوطرفہ تعاون سے مزید لوگ استفادہ کریں گے۔ چینی سفیر نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری سمیت دوطرفہ تعلقات میں مستقل پیش رفت ہو رہی ہے اور چین پاکستان کو اس وبا سے پاک کرنے کی مہم، معیشت کی بحالی اور سماجی ترقی میں ساتھ دینے کے لیے تیار ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ان سے باضابطہ طور پر کورونا وائرس کی ویکسین وصول کی۔ اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یہ بتاتے ہوئے انتہائی خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ چین نے پاکستان کے ساتھ اپنی لازوال دوستی کا عملی مظاہرہ کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں حکومت پاکستان، وزیر اعظم عمران خان اور پاکستان کے عوام کی طرف سے چین کی حکومت خصوصاً صدر شی جن پنگ کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔