ویکسین امیر غریب کی تخصیص کے بغیر فراہم ہوگی: وزیر اعظم

  • سوموار 01 / فروری / 2021
  • 4560

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کورونا ویکسین کے لیے امیر یا غریب میں فرق نہیں کیا جائے گا۔ بلکہ ایک طریقہ کار کے تحت ویکسین لگائی جائے گی۔

عوام سے براہ راست رابطے کے سلسلے میں  ’آپ کا وزیراعظم آپ کے ساتھ‘ پروگرام میں عوام کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ کورونا ویکسین کے حوالے سے سب سے پہلے ہماری کوشش ہے کہ طبی عملے کو لگائی جائے۔ اس کے بعد 60 سال سے زائد عمر یا ایسی بیماری کا شکار جن کو کورونا سے مشکل پیدا ہوسکتی ہے ان کی باری آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ فکر نہ کریں اس میں امیر غریب نہیں دیکھا جائے بلکہ طریقہ کار دیکھا جائے گا کہ کس کو پہلے لگنی چاہیے اور کوشش کریں گے زیادہ تر لوگوں کو اس سال میں ویکسین مل جائے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز اعلان کیا گیا تھا کہ عمران خان پیر کی شام 4 بجے عوام سے ٹیلی فون پر بات کریں گے اور اس پروگرام کو ’آپ کا وزیراعظم آپ کے ساتھ‘ کا نام دیا گیا ہے۔

پاکستان میں پہلی مرتبہ وزیراعظم  نے براہ راست عوامی سوالات کا ٹیلی فون پر جواب دیا۔ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان ٹی وی پر براہ راست مختلف ٹیلی تھون بھی کرچکے ہیں جس میں احساس پروگرام کے لیے فنڈز اکٹھا کرنے کی ٹیلی تھون بھی شامل تھی۔

وزیراعظم عمران خان سوشل میڈیا پر کافی متحرک رہتے ہیں ۔ اس سے قبل پارٹی کے ایک سینئر عہدیدار نے ڈان کو بتایا تھا کہ وزیر اعظم ذاتی طور پر واٹس ایپ کے ذریعے مختلف ترجمانوں کو ان کی کارکردگی پر رائے دیتے ہیں۔