کوالالمپور میں پی آئی اے کا طیارے رکوانے میں بھارتی لابی ملوث تھی: وزیر ہوابازی

  • منگل 02 / فروری / 2021
  • 4560

وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ ماہ ملائیشیا میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کے مسافر طیارے کو قبضے میں لیے جانے کے پیچھے بھارتی لابی کی سازش تھی۔

لیز کے تنازع پر 15 جنوری کو ملائیشن حکام نے پی آئی اے کے طیارے کو روک لیا تھا تاہم بعد ازاں جمعہ کو یہ طیارہ وطن واپس آگیا تھا۔ ٹیکسلا میں صحافیوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے الزام لگایا کہ مسلم لیگ (ن) کی سابق حکومت نے مارکیٹ ویلیو سے زیادہ پر ایک غیرملکی کمپنی سے پی آئی اے کے لیے طیارے لیے تھے۔

وفاقہ وزیر کا دعویٰ تھا کہ سابق حکومت کے مشیر ہوابازی شجاعت عظیم نے طیاروں کے لیز معاہدے میں کک بیکس حاصل کرنے کی کوشش کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ شجاعت عظیم کو کچھ بھارتیوں کی جانب سے ’کنٹرول‘ کیا جاتا تھا۔

غلام سرور کا کہنا تھا کہ طیارے کی لیز گزشتہ برس جولائی میں ختم ہوگئی تھی اور حکومت نے اسے نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا تھا۔