کوئٹہ کراچی شاہراہ پر مسافر بس الٹنے سے 14 افراد جاں بحق

  • منگل 02 / فروری / 2021
  • 6080

صوبہ بلوچستان کے علاقے اوتھل میں وایار فام کے نزدیک کوئٹہ کراچی شاہراہ پر علی الصبح مسافر کوچ الٹنے سے 14 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہوگئے۔

رپورٹس کے مطابق بس پنجگور سے کراچی جارہی تھی جو تیز رفتاری کے باعث حادثے کا شکار ہوئی۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔ کوچ الٹ جانے کی وجہ سے ابتدا میں زخمیوں کو ریسکیو کرنے اور لاشیں نکالنے میں دشواری پیش آئی۔

حادثے میں زخمی ہونے والے تمام مسافروں کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد کراچی ٹراما سینٹر منتقل کردیا گیا۔ حکام کے مطابق حادثے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ جاں بحق ہونے والے زیادہ تر افراد پنجگور کے رہائشی ہیں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے اوتھل کے قریب پنجگور سے کراچی جانے والی مسافر کوچ الٹنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی رنج وغم کا اظہار کیا۔ تعزیتی پیغام میں وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ مشکل کی اس گھڑی میں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ حادثے میں زخمی ہونے والے مسافروں کو بہترین طبی سہولیات مہیا کی جائیں۔