میانمار میں فوجی بغاوت کے خلاف سول نافرمانی کی تحریک

  • بدھ 03 / فروری / 2021
  • 5420

میانمار میں فوجی بغاوت اور ملک کی معزول کردہ سربراہ آنگ سان سوچی کی گرفتاری کے بعد سول نافرمانی کی تحریک شروع ہوئی ہے۔ تحریک میں نوجوان، طلبہ اور طبی عملہ پیش پیش ہے۔

میانمار کے 70 اسپتالوں کے عملے نے فوج کے اقتدار پر قبضے کے خلاف احتجاجاً کام چھوڑ دیا ہے۔ فوجی بغاوت کے خلاف حال ہی میں قائم ہونے والی سول نافرمانی کی تحریک نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ملک کے 30 ٹاؤنز میں اسپتالوں کے عملے نے فوجی قیادت کے احکامات ماننے سے انکار کر دیا ہے۔ اس تحریک میں چار ڈاکٹرز بھی شامل ہیں۔ تاہم وہ اپنا نام ظاہر کرنا نہیں چاہتے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ کرونا وائرس کے باعث عوام کو پہلے ہی شدید مشکلات کا سامنا ہے اور ان حالات میں فوج اپنے مفادات کے لیے کام کر رہی ہے۔  بیان کے مطابق فوج نے تاثر دیا ہے کہ اُن کے نزدیک غریب مریضوں کا کوئی احترام نہیں۔ اس لیے ہم ناجائز فوجی حکومت کے کسی بھی حکم کی تعمیل نہیں کریں گے۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' سے بات کرتے ہوئے ینگون سے تعلق رکھنے والے 29 سالہ ڈاکٹر نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ فوجی اہلکار واپس اپنی بیرکوں میں چلے جائیں۔ اُن کی وجہ سے ڈاکٹرز اسپتالوں میں نہیں آ رہے۔  یاد رہے کہ میانمار کی فوج نے یکم فروری کو اقتدار پر قبضہ کرتے ہوئے نوبل انعام یافتہ ملک کی سربراہ آنگ سان سوچی سمیت حکمراں جماعت نیشنل لیگ آف ڈیموکریسی کے درجنوں رہنماؤں کو حراست میں لے لیا تھا۔

فوج نے گزشتہ برس نومبر میں ہونے والے انتخابات میں بڑے پیمانے پر دھاندلی کے الزامات عائد کیے ہیں۔ تاہم اس حوالے سے فوج نے کوئی ثبوت پیش نہیں کیے۔ البتہ ملک بھر میں ایک سال کے لیے ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے انتخابات کرانے کا وعدہ کیا گیا ہے۔  امریکہ اور مغربی ملکوں نے میانمار میں فوجی بغاوت کی مذمت کی ہے جب کہ عالمی رہنماؤں کے مطالبات کے باوجود 75 سالہ آنگ سان سوچی بدستور قید ہیں۔