پاکستان میں کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگانے کا عمل شروع ہوگیا
- بدھ 03 / فروری / 2021
- 4850
پاکستان بھر میں کورونا وائرس کی ویکسین لگانے کے عمل کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے۔ پہلے مرحلے میں فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو ویکسین لگائی جائے گی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس کے ساتھ ہی بیک وقت ملک بھر میں ویکیشن مہم کا آغاز کیا گیا۔ افتتاحی تقریب کی سربراہی وفاقی وزیر اسد عمر اور نیشنل کوآرڈینیٹر این سی او سی لیفٹیننٹ جنرل حمود الزماں خان نے کی۔ کمرشل منسٹر قونصلر چائنا شی گو ژیانگ تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
تقریب میں تمام صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے وزیراعظم نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔ اس موقع پر تمام صوبوں میں بھی ویکسین لگانے کا عمل کا باقاعدہ آغاز کیا گیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ میں تمام وزرائے اعلیٰ اور آزاد کشمیر کے وزیراعظم کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں اور یہ تقریب اس کا مظہر ہے کہ ملک پر جب مشکل وقت آتا ہے تو تمام پاکستانی ملک کر کام کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام صوبوں، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور وفاق نے اسلام آباد سے مل کر کام کیا ہے اور تقریباً ایک سال ہوگیا ہے اور ہم نے مشکل حالات اور خطرات پر قابو پانے میں سوچ سے بہتر نتائج آئے۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ آج کی تقریب کے لیے چینی حکومت اور چینی لوگوں کا شکریہ جنہوں نے ویکسین کے اس عمل کو ممکن بنایا۔ انہوں نے عثمان بزدار، مراد علی شاہ، محمود خان، جام کمال، وزیراعظم آزاد کشمیر فاروق حیدر، وزیراعلیٰ گلگلت بلتستان خالد کی قیادت اور جدوجہد سے پاکستانی بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔
بعد ازاں پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے آئسولیشن یونٹ میں کام کرنے والے ہیلتھ ورکرز کو ویکسین لگائی گئی۔