سینیٹ انتخابات سے متعلق آئینی ترمیمی بل قومی اسمبلی میں پیش کردیا گیا

  • بدھ 03 / فروری / 2021
  • 4110

وفاقی حکومت نے سینیٹ انتخابات اوپن بیلٹ کے ذریعے کروانے کے لیے آئینی ترمیمی بل قومی اسمبلی میں پیش کر دیا ہے۔ اپوزیشن نے بل کی مخالفت کرتے ہوئے شدید نعرے بازی کی۔

سینیٹ الیکشن اوپن بیلٹ کے ذریعے کروانے کے لیے حکومت کی طرف سے وزیر قانون فروغ نسیم نے 26 ویں آئینی ترمیم کا بل ایوان میں پیش کیا جس پر اپوزیشن اراکین نے ایوان میں شدید نعرے بازی کی اور ڈیسک بجا کر احتجاج کیا۔ وزیر قانون فروغ نسیم نے کہا کہ سینیٹ میں انتخابات اوپن بیلٹ سے ہونے چاہئیں۔ آئین میں ترمیم کرنا آئین شکنی ہے تو پھر اللہ ہی حافظ ہے۔ ہم آئین میں ترمیم کررہے ہیں الیکشن چوری نہیں کررہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے کہا کہ ایوان کو چلانے کے لیے ضابطوں کی ضرورت ہے۔ آج 13 دن سے اجلاس چل رہا ہے اور ان 13 دنوں میں 10 گھنٹے کارروائی ہوئی ہو گی۔ حکومت اگر اپوزیشن کی تنقید برداشت نہیں کرے گی تو اپوزیشن گلیوں اور چوراہوں میں احتجاج کرے گی۔

قومی اسمبلی میں اجلاس کے دوران وفاقی وزیر مراد سعید کی جانب سے تقریر کے دوران تنقید پر اپوزیشن اراکین نے شدید شور شرابہ کیا جس کے باعث اجلاس بار بار روک دیا گیا اور وقفہ لیا گیا۔

قبل ازیں  وقفہ سوالات میں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اسلام آباد میں 2020 میں جرائم کی شرح سے متعلق اپنا تحریری جواب جمع کرویا۔ اس میں دعویٰ کیا گیا کہ وفاقی پولیس کے اقدامات کی وجہ سے جرائم کی شرح میں کمی آئی ہے۔