دنیا کو تسلیم کرلینا چاہیے کہ بھارت ایک غیر ذمہ دار جوہری ملک ہے: صدر مملکت

  • جمعرات 04 / فروری / 2021
  • 6490

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان ہمیشہ کشمیریوں کا ساتھ دے گا۔ بھارت عالمی برداری سے کیے ہوئے وعدوں سے پیچھے ہٹ رہا ہے۔ دنیا کو تسلیم کرلینا چاہیے کہ بھارت ایک غیر ذمہ دار جوہری ملک ہے۔

اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں عوام کے جذبات کو دبانے کے لیے تمام حربے استعمال کررہا ہے جو ان کے بنیادی حقوق کی حق تلفی ہے۔  کشمیری عوام بھارتی تسلط کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ  پاکستان کی ذمہ داری ہے کہ کشمیری عوام کی جدوجہد میں اس کا ساتھ دے اور عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر پر مسلسل احساس دلاتا رہے۔  وزیر اعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں باور کرایا کہ وہ مقبوضہ وادی میں استصواب رائے کرائے اور انہیں انصاف فراہم کرے۔

صدرعارف علوی نے مسئلہ کشمیر کو محض ریاستی تنازع سمجھنے والی سوچ کو مسترد کیا ۔  انہوں نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت وادی میں آبادی کا تناسب بڑھا رہا ہے۔ ہمیں اسے روکنا ہوگا اور کشمیری عوام کی نفسیاتی، سماجی اور معاشرتی جدوجہد میں ان کا ساتھ دینا ہوگا۔

وزیر اعظم عمران خان نے بھارت کو مذاکرات کی دعوت دی لیکن نئی دہلی نے جارحانہ رویہ اختیار کیا اور پلوامہ واقعے کے بعد سرحد پار حملہ بھی کیا۔ دنیا کو تسلیم کرلینا چاہیے کہ بھارت ایک غیر ذمہ دار جوہری ملک ہے۔ بھارت نے پہلے جوہری دھماکے کیے پاکستان نے نہیں کیے تھے۔ بھارت نے محدود پیمانے پر جوہری لڑائی شروع کرنے کی کوشش کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے انتخابات میں کامیابی کے لیے پاکستان پر حملہ کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت میڈیا اور عالمی مبصرین کو وادی میں جانے کی اجازت نہیں دیتا اور اپنے مفاد کے لیے انٹرنیٹ سروس بھی معطل رکھتا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ برس 5 اگست کو مودی حکومت نے مقبوضہ کشمیر کو نہ صرف ریاست کے بجائے 2 وفاقی اکائیوں میں تقسیم کیا تھا بلکہ وادی کی آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے لیے وہاں غیر کشمیریوں کو زمین خریدنے کی اجازت بھی دی تھی۔