بھارتی کسانوں کی حمایت جاری رکھوں گی دھمکیوں سے نہیں ڈروں گی: گریتھے تھون برگ
- جمعہ 05 / فروری / 2021
- 5510
دہلی پولیس نے ماحولیاتی تحفظ کی سرگرم ایکٹوسٹ سویڈن کی گریتھے تھون برگ کی ایک ٹوئٹ کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے۔ انہوں نے ایک ٹول کٹ کا لنک شئیر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ جو لوگ بھارتی کسانوں کے حق میں آواز اٹھانا چاہتے ہیں، وہ اس ٹول کٹ سے استفادہ کریں۔
دہلی پولیس کے اسپیشل کمشنر پرویر رنجن نے ایک نیوز کانفرنس میں کہا کہ تقریباً 300 سوشل میڈیا ہینڈل پائے گئے ہیں جن کا استعمال کسانوں کے احتجاج کے حوالے سے نفرت انگیز اور قابل مذمت مواد پھیلانے کے لیے کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا مانیٹرنگ کے دوران گریتھے تھون برگ کے ٹویٹر اکاؤنٹ سے جو ٹول کٹ ملا ہے۔ اس کے مصنف کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ گریتھے کے خلاف ایف آئی آر درج نہیں کی گئی۔
ادھر گریتھے تھون برگ نے ایک دوسرے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ وہ اب بھی کسانوں کی حمایت میں کھڑی ہیں اور کسی دھمکی سے نہیں ڈریں گی۔ یاد رہے کہ بھارتی کسان زرعی قوانین کے خلاف گزشتہ دو ماہ سے زائد عرصے سے احتجاج کر رہے ہیں۔ اس دوران حکومت اور کسان رہنماؤں کے درمیان مذاکرات کے کئی دور ہوئے لیکن اس کا کوئی نتیجہ نہ نکل سکا۔
حکومت نے نئی دہلی میں احتجاج کرنے والے کسانوں کے مقام پر انٹرنیٹ سروس بند کر دی ہے جب کہ کئی سڑکوں کو خاردار تاریں لگا کر بند کر دیا ہے۔ امریکہ نے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ متنازع زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کرنے والے کسانوں سے بات چیت کر کے مسئلے کو حل کرے۔
کئی نامور عالمی شخصیات اور بعض امریکی قانون سازوں نے کسانوں کے احتجاج کی حمایت کی ہے۔ کانگریس کی رکن ہیلی اسٹیونس نے کہا ہے کہ ہمیں بھارت میں نئے زرعی قوانین کے خلاف پر امن انداز میں مظاہرہ کرنے والے کسانوں کے خلاف کارروائیوں کی رپورٹس پر تشویش ہے۔ انہوں نے بھارتی حکومت اور کسانوں کے نمائندوں سے اپیل کی کہ وہ بامعنی مذاکرات سے مسئلے کو حل کریں۔
ایک دوسری امریکی قانون ساز الہان عمر نے بھارتی کسانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اپنے ایک ٹوئٹ میں بھارتی حکومت کو کسانوں کے جمہوری حقوق کا تحفظ کرنے کے ساتھ ساتھ ان کو اطلاعات تک آزادانہ رسائی دینا چاہیے۔ انھوں نے گرفتار صحافیوں کو رہا کرنے کی بھی اپیل کی۔
اس سے قبل امریکی گلو کارہ ریحانہ، اور امریکی نائب صدر کاملا ہیرس کی بھانجی مینا ہیرس نے کسانوں کے احتجاج کی حمایت کی تھی۔ گرتھے تھون برگ بھی بھارتی کسانوں کے ساتھ اظہار یک جہتی کرچکی ہین۔