سینیٹ انتخابات اوپن بیلیٹ سے کروانے کے لئے حکومت آرڈیننس جاری کرے گی
- ہفتہ 06 / فروری / 2021
- 4230
وفاقی کابینہ نے سینیٹ انتخابات اوپن ووٹ کے ذریعے کروانے کے لیے الیکشن ایکٹ 2017 میں ترمیم کا فیصلہ کیا ہے۔ مو عطزر کپ یتپ صدارتی آرڈیننس نافذ کیا جائے گا۔
یہ آرڈیننس آئندہ کچھ روز میں جاری ہونے کا امکان ہے۔ وفاقی کابینہ کے ذرائع نے روزنامہ ڈان کو بتایا ہے کہ صدارتی آرڈیننس متعارف کرانے کے لیے جمعہ کو ایک سمری کابینہ اراکین نے منظور کی۔ صدارتی آرڈیننس متعارف کروانے کا فیصلہ جمعرات کو قومی اسمبلی میں اپوزیشن کے احتجاج اور اوپن بیلیٹ کے لیے حکومت کے آئینی ترمیمی بل کی منظوری میں رکاوٹ کے بعد کیا گیا۔
وفاقی کابینہ کے رکن کا کہنا تھا کہ آرڈیننس کے ذریعے حکومت الیکشن ایکٹ 2017 میں کچھ ترامیم کرے گی کیونکہ آرڈیننس آئین میں ترمیم نہیں کرسکتا۔ حکومت سینیٹ انتخابات کے لیے الیکشن شیڈول کے اعلان سے قبل آرڈیننس نافذ کرنا چاہتی ہے۔ شیڈول کا اعلان 11 فروری کو متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس آئین میں ترمیم کے لیے بہت کم وقت ہے اور اسی وجہ سے آرڈیننس نافذ کیا جارہا ہے۔ کابینہ کے ایک اور رکن نے اس بات کی تصدیق کی کہ جلد آرڈیننس متعارف کروا دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ حکومت نے جمعرات کو قومی اسمبلی میں ایک آئینی ترمیمی بل پیش کیا تھا تاکہ اوپن ووٹ کے ذریعے سینیٹ انتخابات منعقد کرائے جائیں۔ تاہم اپوزیشن نے اس بل کو مسترد کردیا تھا۔ یہ بل ایوان سے منظور نہیں ہوسکا تھا۔ اجلاس میں ہنگامہ آرائی کی وجہ سے اسپیکر نے قومی اسمبلی اجلاس ملتوی کردیا تھا۔