بھارت میں گلیشئیر ٹوٹنے سے سیلاب، متعدد ہلاکتیں
- اتوار 07 / فروری / 2021
- 7200
بھارت کے شمال میں ہمالیائی گلیشیئر اور ڈیم ٹوٹنے کے بعد سیلاب سے قریبی گاؤں متاثر ہوئے ہیں۔ 150 افراد لاپتا ہیں جن کے ہلاک ہونے کا خدشہ ہے۔
خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق حادثہ ریاست اترکھنڈ میں پیش آیا۔ چیف سیکریٹری اوم پرکاش کا کہنا تھا کہ تاحال ہلاکتوں کی حتمی تعداد معلوم نہیں لیکن خدشہ ہے کہ 100 سے 150 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ علاقے میں برفانی تودے کے گرتے ہی دھول، پتھر اور پانی پھیل گیا۔
گاؤں رینی سے تعلق رکھنے والے سجنے سنگھ رانا کا کہنا تھا کہ یہ بہت تیزی سے آیا اور کسی کو حفاظتی اقدامات کرنے کا کوئی موقع نہیں ملا، مجھے محسوس ہوا کہ ہم بھی لپیٹ میں آئیں گے۔ شہریوں کو خدشہ ہے کہ قریب میں قائم ہائیڈرو پاور منصوبے میں کام کرنے والے مزدور اور دریا کے قریب آبادیاں کے لوگ پانی میں بہہ گئے ہیں۔
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ حالات کی نگرانی کر رہے ہیں۔ ریاستی وزیراعلیٰ سے ٹیلی فون پر رابطے کے بعد انہوں نے کہا کہ بھارت اترکھنڈ کے ساتھ کھڑا ہے اور قوم تمام شہریوں کی خیریت کے لیے دعاگو ہے۔
خیال رہے کہ اترکھنڈ میں ہندو مذہب کے مشہور مندر اور مذہبی مقامات قائم ہیں جس کی وجہ سے ریاست کو دیوتا کی زمین کہا جاتا ہے۔