پاکستان نے 17 سال بعد جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیت لی

  • سوموار 08 / فروری / 2021
  • 5670

پاکستان نے جنوبی افریقہ کو راولپنڈی ٹیسٹ میں 95 رنز سے شکست دے کر دو میچز کی سیریز 0-2 سے جیت لی ہے۔  پاکستان نے آخری مرتبہ 2003 میں جنوبی افریقہ کو ٹیسٹ سیریز میں شکست دی تھی۔

​پیر کو راولپنڈی ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری دن جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 370 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 274 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔  پاکستان کی جانب سے حسن نے دوسری اننگز میں پانچ، شاہین شاہ آفریدی چار اور یاسر شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

میچ میں بہترین کارکردگی پر حسن علی کو مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا، انہوں نے راولپنڈی ٹیسٹ میں مجموعی طور پر دس وکٹیں حاصل کیں۔ جنوبی افریقہ نے ایک وکٹ کے نقصان پر 127 رنز سے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو ایڈن مارکرم 59 اور روسی دوسین 48 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔

میزبان ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے پچ پر موجود نمی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فاسٹ بالرز کو آزمایا اور حسن علی نے کپتان کے انتخاب کو درست ثابت کیا۔  حسن علی نے اپنے پہلے ہی اسپیل میں دوسین کو کلین بولڈ کیا اور وہ اپنے انفرادی اسکور میں کوئی اضافہ کیے بغیر پویلین لوٹ گئے۔  جنوبی افریقہ کے تیسرے آؤٹ ہونے والے بلے باب فاف ڈیوپلیسی تھے جنہیں حسن علی نے ہی اپنا شکار بنایا۔

اوپننگ بلے باز ایڈن مارکرم پاکستانی بالروں کے سامنے مزاحمت کرتے رہے اور انہوں نے تین چھکوں اور 13 چوکوں کی مدد سے سینچری مکمل کی۔  چوتھی وکٹ پر مارکرم نے ٹیمبا باووما کے ساتھ مل کر 106 رنز کی شراکت قائم کی اور ٹیم کا مجموعی اسکور 241 تک پہنچا تو مارکرم 108 رنز پر حسن علی کا شکار ہو گئے۔

یاد رہے کہ پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 272 اور دوسری میں 298 رنز بنائے تھے جب کہ جنوبی افریقہ کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 201 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔  پاکستان نے میچ جیتنے کے لیے جنوبی افریقہ کو 370 رنز کا ہدف دیا تھا۔

پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف آخری مرتبہ 2003 میں اپنے ہوم گراؤنڈ میں ہی ٹیسٹ سیریز جیتی تھی۔