سخت موسم کے باعث کے ٹو پر لاپتا کوہ پیما تلاش نہیں کئے جاسکے

  • منگل 09 / فروری / 2021
  • 5500

دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی 'کے ٹو' سر کرنے کی مہم کے دوران لاپتا کوہ پیماؤں محمد علی سد پارہ، جان اسنوری اور جان پابلو موہر کی تلاش کا کام مسلسل جاری ہے لیکن سخت موسم کی وجہ سے اس مین تعطل کا سامنا بھی ہے۔

کےٹو کی چوٹی پر گہرے بادل چھائے ہوئے ہیں اور تینوں کوہ پیماؤں کے بچنے کی اُمیدیں دم توڑ رہی ہیں۔ چلی سے تعلق رکھنے والے جان پابلو موہر کی آج 34 ویں سالگرہ بھی ہے۔ پاکستان سے تعلق رکھنے والے کوہ پیما محمد علی سد پارہ، آئس لینڈ کے جان اسنوری اور چلی کے جان پابلو موہر سے اس وقت رابطہ منقطع ہوگیا تھا جب انہوں نے 4 اور 5 فروری کی درمیانی شب بیس کیمپ تھری سے کےٹو کی چوٹی تک پہنچنے کے سفر کا آغاز کیا تھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ایک عہدیدار کے مطابق جیسے ہی موسم بہتر ہوگا تینوں کوہ پیماؤں کی تلاش کا کام دوبارہ شروع کیا جائے گا اور فوج کی جانب سے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ سرچ اور ریسکیو کا مشن چوتھے روز میں داخل ہوگیا ہے اور تمام فضائی اور زمینی کوششیں کی جارہی ہیں۔ موسم کی سخت صورتحال اور بلندی پر ہونے کی وجہ سے مشن میں مشکلات کا سامنا ہے۔ لیکن تلاش جاری رہے گی اور اس ضمن میں کوئی بھی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔

تفصیلات بتاتے ہوئے عہدیدار نے کہا کہ گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران آرمی ایوی ایشن کے 2 ہیلی کاپٹرز استعمال کیے گئے۔ عہدیدار کا کہنا تھا کہ 'ایکیوروئیل' ہیلی کاپٹرز اس مشن میں استعمال ہورہے ہیں جو 7 ہزار میٹر کی بلندی سے زائد پر پرواز نہیں کرسکتے جبکہ کوہ پیماؤں کی باٹل نیک سے اوپر کسی مقام پر موجودگی کا امکان ہے جہاں بلندی 8 ہزار 100 میٹر ہے۔

آئی ایس پی آر کے بیان میں بتایا گیا کہ گزشتہ روز سی-130 طیارے کے ذریعے ایک خصوصی 'فاروڈ لوکنگ انفراریڈ (ایف ایل آئی آر) مشن کی منصوبہ بندی کی گئی تاہم ایف ایل آئی آر اس بلندی اور درجہ حرارت پر آپریٹ نہیں کیا جاسکتا۔

الپائن کلب کے سیکریٹری کرار حیدری نے کہا ہے کہ مشن جاری رہے گا لیکن موسم کی خراب صورتحال اس عمل کو مشکل بنا رہی ہے۔ آج موسم بہت زیادہ ابر آلود ہے اور حد نگاہ کم ہے، اُمید ہے کہ موسم بہتر ہوجائے گا۔ تینوں کوہ پیماؤں کے اہل خانہ نے ایک بیان جاری کیا جس میں تمام لوگوں کا ان کی حمایت پر شکریہ ادا کیا گیا۔

موسمِ سرما میں دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کےٹو سر کرنے کی مہم کے دوران لاپتا ہونے والے کوہ پیماؤں کو تلاش کرنے کے لیے فضائی نگرانی کے ذریعے کیا جانے والا سرچ آپریشن مسلسل تیسرے روز پیر کو بھی جاری رہا تھا لیکن خراب موسم کے باعث روک دیا گیا تھا۔