امریکہ چین بھارت کے سرحدی تنازعہ پر نظر رکھے ہوئے ہے

  • بدھ 10 / فروری / 2021
  • 4890

امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے کہا ہے کہ چین اور بھارت کے درمیان جاری سرحدی تنازعات کا قریب سے جائزہ لے رہے ہیں اوربراہ راست مذاکرات کے ذریعے پرامن حل کی حمایت کرتے ہیں۔

امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے ترجمان نیڈ پرائس نے نیوز بریفنگ کے دوران زور دیتے ہوئے کہا کہ امریکا بھارت جیسے اتحادیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔  ہم چین اور بھارت کی حکومتوں کے درمیان جاری مذاکرات کو دیکھ رہے ہیں۔ ہم براہ راست مذاکرات اور سرحدی تنازعات کے پرامن حل کی حمایت جاری رکھیں گے۔ لیکن پڑوسی کو ہراساں کرنے کے بیجنگ کے طریقہ کار پر تشویش ہے۔

ترجمان نے کہا کہ ہمیشہ کی طرح ہم اپنے دوستوں کے ساتھ ہیں، ہم اپنے شراکت داروں کے ساتھ کھڑے ہیں اور اپنے اتحادیوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔

خیال رہے کہ بھارت اور چین کے درمیان سرحدی تنازعات گزشتہ برس انتہا کو پہنچے تھے اور دونوں ممالک کی افواج ایک دوسرے کے آمنے سامنے آگئی تھیں۔ سرحدی میں جھڑپوں کے نتجے میں بھارت کے درجنوں فوجی ہلاک ہوگئے تھے، جس کے بعد بھارت میں چین کے خلاف عوامی ردعمل سخت آیا تھا۔

امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے ترجمان کی میڈیا کو بریفنگ سے قبل سیکریٹری اسٹیٹ انتھونی بلنکن اور بھارت کے وزیر خارجہ سبرامنم جے شنکر کے درمیان ٹیلی فون بھی بات کی تھی۔

قبل ازیں رواں ہفتے امریکا کے نئے صدر جوبائیڈن نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے ٹیلی فون پر بات کی تھی اور اور خطے میں سیکیورٹی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا تھا۔