تحریک جد و جہد کا نام ہے نتائج ملنا ضروری نہیں: مولانا فضل الرحمٰن
- بدھ 10 / فروری / 2021
- 6280
مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے تحریک جدوجہد کے تسلسل کا نام ہے۔ ہم اقدام کریں گے، ضروری نہیں کہ نتائج پر پہنچ سکیں۔ پھر دوسرا اور تیسرا اقدام کریں گے۔
حیدرآباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ نے کہا کہ جدو جہد جاری رہے گی، عوام اس ظالمانہ نظام کے خلاف اپنا علم بغاوت بلند رکھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی احتساب بیورو کو اپوزیشن کے خلاف انتقامی انداز میں استعمال کیا جارہا ہے۔
خود حکومتی جماعت کے اندر سے احتساب کی آوازیں بلند ہورہی ہیں لیکن انہیں نہیں سنا جارہا۔ ان کے احتساب کے عمل کو مؤخر کیا جارہا ہے، تاخیری حربے استعمال ہورہے ہیں۔ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ صرف اپوزیشن کے خلاف احتساب کے معنی یہ ہیں کہ نیب اس سرکار کا ایک مہرہ ہے۔
پی ٹی آئی اراکین کے گزشتہ سینیٹ انتخابات کے سلسلے میں پیسے لینے کی ویڈیوز کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ویڈیو پی ٹی آئی کے اپنے اراکین کی ہے۔ جو گند ان کا اپنا ہے، وہ اپنے منہ پر ملیں، دوسروں کے منہ پر نہ ملیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا دامن صاف ہے۔ ووٹ قوم کا، عام آدمی کا حق ہے اور عوام کے مقابلے تمام ادارے چاہے وہ سرکاری ہوں ریاستی ہوں یا حکومتی ہوں، عوام اور ملک کے خادم ہیں انہیں اپنے دائرے میں رہنا ہوگا۔ ہم ملک میں سلامتی اور بہتر ماحول چاہتے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ ہر ادارہ اپنے آئینی دائرہ کار میں رہتے ہوئے اپنے فرائض سر انجام دے۔