تنخواہوں میں اضافہ کے لئے سرکاری ملازمین کا احتجاج، پولیس سے جھڑپ

  • بدھ 10 / فروری / 2021
  • 4210

اسلام آباد میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کے لئے احتجاج کررہے ہیں۔ اس دوران ان کی پولیس سے جھڑپ بھی ہوئی ہے جس کے بعد متعدد ملازمین کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کابینہ ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں کرسکی تھی۔ سرکاری ملازمین کے نمائندوں اور وزیر داخلہ شیخ رشید کے درمیان ملاقات بھی نتیجہ خیز نہیں رہی تھی۔

سرکاری ملازمین نے آج ہڑتال اور اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کی حمایت سے دھرنا دینے کا فیصلہ کیا تھا۔ سرکاری ملازمین کے احتجاج کے باعث اسلام آباد سیکریٹریٹ اور وزیر اعظم ہاؤس جانے والا راستہ بند کردیا گیا تھا۔ اور سیکیورٹی بھی بڑھادی گئی۔

سرکاری ملازمین کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ کی جبکہ سرکاری ملازمین کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ کیا جارہا ہے۔ سرکاری ملازمین کی جانب سے وفاقی دارالحکومت کے مختلف مقامات پر احتجاج کیا جارہا ہے جن میں شاہراہ دستور، سیکرٹریٹ بلاک ، کیبنیٹ بلاک شامل ہیں۔ سرکاری ملازمین کی بڑی تعداد نیشنل پریس کلب کے باہر اور ڈی چوک پر بھی جمع ہے۔

ڈپٹی کشمیر اسلام عیسیٰ حمزہ نے خبردار کیا ہے کہ مظاہرین اگر آگ لگانے کی کوشش کریں گے، گاڑیاں توڑیں گے تو ان کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ سڑکیں بند کرنے کے حوالے سے سپریم کورٹ کا بھی حکم موجود ہے۔ ہم نے مظاہرین کو احتجاج کے لیے جگہ دینے کا بھی کہا ہے۔ مظاہرین کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں اور سیکریٹریٹ میں اندر اور باہر جانے کے متبادل راستے کھول دیے ہیں۔

شیخ رشید نے ڈان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک سے 16 گریڈ تک کے 95 فیصد ملازمین کے مطالبات جائز ہیں اور ہم انہیں ماننے کے لیے تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے ہمارے اختیار میں نہیں، ان کی بات صوبوں میں ہی ہوگی۔ یہ کہتے ہیں کہ بیسک تنخواہ میں اضافہ کیا جائے۔ ہم ایوریج اضافہ دے رہے ہیں۔ کوئی نہ کوئی راستہ نکل آئے گا۔

سینیٹر شیری رحمٰن نے  ٹوئٹر پر بیان میں کہا ہے کہ آج اسلام آباد میدان جنگ بن گیا ہے۔ ملازمین کے پر امن مظاہرے پر لاٹھی چارج اور شیلنگ قابل مذمت ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز نے سرکاری ملازمین کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری ملازمین پر تشدد، آنسو گیس اور گرفتاری جعلی حکومت کے اوچھے اور ظالمانہ ہتھکنڈے ہیں۔