وزیر اعظم کی تحریری یقین دہانی پر سپریم کورٹ نے ترقیاتی فنڈ کیس نمٹا دیا گیا
- جمعرات 11 / فروری / 2021
- 4720
سپریم کورٹ نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اراکین اسمبلی کو ترقیاتی فنڈز دینے کے معاملے میں عمران خان کے دستخط شدہ جواب پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے معاملہ نمٹا دیا۔
عدالت عظمیٰ میں چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بینچ نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی جانب سے لیے گئے نوٹس پر اس معاملے کی سماعت کی۔ سپریم کورٹ کے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے وزیراعظم کی جانب سے اراکین اسمبلی کو ترقیاتی فنڈز جاری کرنے کا نوٹس لیا تھا اور معاملے کی سماعت کے لیے لارجر بنچ تشکیل دینے کا معاملہ چیف جسٹس کو بھیج دیا تھا۔
چیف جسٹس نے اپنی سربراہی میں ایک 5 رکنی لارجر بینچ تشکیل دیا گیا تھا۔ بنچ میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ بھی شامل تھے۔ بینچ کے دیگر اراکین میں جسٹس مشیر عالم، جسٹس عمر عطا بندیال اور جسٹس اعجاز الاحسن تھے۔ آج اس معاملے کی دوسری سماعت جب ہوئی تو گزشتہ روز طلب کیا گیا وزیراعظم کا دستخط شدہ جواب پیش کیا گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ نے اٹارنی جنرل خالد جاوید خان کو کہا تھا کہ پی ٹی آئی اراکین اسمبلی کو 50 کروڑ روپے کے فنڈز سے متعلق محکمہ خزانہ کا واضح جواب جمع کرائیں جس پر وزیراعظم کے دستخط ہوں۔ آج وزیراعظم کے دستخط شدہ محکمہ خزانہ کا جواب پیش کیا گیا تو اس میں اراکین اسمبلی کو ترقیاتی فنڈز دینے کی خبر کی تردید کی گئی ہے۔