وفاقی ملازمین کی تنخواہوں میں پچیس فیصد اضافہ کا اعلان
- جمعرات 11 / فروری / 2021
- 5390
سرکاری ملازمین کے ساتھ حکومتی کمیٹی کے مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں۔ ایک سے 19 گریڈ کے وفاقی ملازمین کو 25 فیصد ایڈہاک ریلیف دینے، مقدمات واپس لینے اور گرفتار افراد کو رہا کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک نے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد اور وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور کے ہمراہ نیوز کانفرنس فیصلوں کا اعلان کیا۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ملازمین ایک سال سے تنخواہوں کے فرق دور کرنے کا مطالبہ کررہے تھے۔
پرویز خٹک نے کہا کہ ملازمین کے حکومتی کمیٹی کے ساتھ مذاکرات میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ وفاقی ملازمین کو 25 فیصد ایڈہاک ریلیف دیا جائے گا۔ ایڈہاک پے اسکیل ایک سے لے کر 19 گریڈ کے لیے ہوگا۔ وزیراعظم نے دو صوبائی وزرائے اعلیٰ سے بات کی ہے اور انہیں ملازمین کے مسائل حل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پرویز خٹک نے بتایا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں ملازمین کی اپ گریڈیشن کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ سلسلہ جون میں آئندہ مالی سال کے بجٹ کے بعد شروع ہوجائے گا اور انہیں سہولیات ملنے لگیں گی۔ جون کے بجٹ میں ہی ایڈہاک ریلیف ان کے تنخواہوں کے اسکیل میں شامل کردیا جائے گا۔
انہوں نے کہ یہ تمام فیصلے وفاقی اور صوبائی ملازمین کی نمائندہ تنظیموں کے ساتھ مل کر متفقہ طور پر کیے گئے۔ وفاقی وزیر نے کل اسلام آباد میں ملازمین کے احتجاج کے دوران شدید آنسو گیس کی شیلنگ اور جھڑپ پر معذرت کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مسئلہ حل کرنے کے لیے پورا زور لگارہی ہے لیکن کبھی دیر ہوجاتی ہے۔
نیوز کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ان فیصلوں کی وفاقی وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ اور سیکریٹری خزانہ سے منظوری لی جاچکی ہے۔ ہم ملازمین سے رابطے میں رہیں گے اور آئندہ مالی سال کے بجٹ میں 20، 21 اور 22 گریڈ کے افسران کی تنخواہوں میں اضافہ کردیا جائے گا۔
جو مسائل رہ گئے ہیں وہ جون کے بجٹ میں حل کرلیے جائیں اور ملازمین کے ساتھ ہونے والے مذاکرات مثبت رہے۔ شیخ رشید نے احتجاج کرنے والے ملازمین کے خلاف تمام مقدمات واپس لینے اور گرفتار افراد کو رہا کرنے کا بھی اعلان کیا۔