سینیٹ انتخابات تین مارچ کو ہوں گے، الیکشن کمیشن نے شیڈول جاری کردیا

  • جمعرات 11 / فروری / 2021
  • 4120

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سینیٹ انتخابات 2021 کے لیے شیڈول جاری کر دیا ہے جس کے تحت چاروں صوبائی اسمبلیوں اور قومی اسمبلی میں سینیٹ انتخابات کے لیے تین مارچ کو پولنگ ہو گی۔

دوسری جانب سپریم کورٹ میں سینیٹ انتخابات اوپن بیلٹ کے ذریعے کروانے کے معاملے پر سماعت جاری ہے۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ ایسے وقت میں جب شیڈول کا اعلان کر دیا گیا ہو قانون سازی ہونا بہت مشکل ہے۔ حکومت کی واحد امید سپریم کورٹ  ہے جہاں سے فیصلہ حق میں آنے پر اوپن بیلٹ کے ذریعے انتخاب ممکن ہوسکتا ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جمعرات کو جاری کردہ شیڈول کے مطابق امیدوار 12 اور 13 فروری تک کاغذات نامزدگی جمع کرا سکیں گے۔ امیدواروں کی ابتدائی فہرست 14 فروری کو جاری کی جائے گی۔ امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 15 اور 16 فروری کو ہو گی جب کہ امیدواروں کے کاغذات پر اعتراضات 19 اور 20 فروری کو نمٹائے جائیں گے۔

الیکشن کمیشن نے الیکشن کے لیے ریٹرننگ افسران کے ناموں کا اعلان بھی کیا ہے۔ الیکشن کمیشن امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست 21 فروری کو جاری کرے گا جب کہ سینیٹ انتخابات سے دست بردار ہونے کے لیے امیدوار 22 فروری تک کاغذات واپس لے سکیں گے۔

رواں سال 11مارچ کو 52 سینیٹرز اپنی مدت پوری کر کے ریٹائر ہو جائیں گے۔  رواں برس سینیٹ کی 48 نشستوں پر انتخابات ہوں گے۔ پنجاب اور سندھ میں 11، 11، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں 12، 12 اور اسلام آباد کی دو نشستوں پر پولنگ ہو گی۔ یہ انتخابات متناسب نمائندگی اور سنگل ٹرانسفر ایبل ووٹ کی بنیاد پر ہوں گے۔

سینیٹ انتخاب کے لیے سیکرٹ یا اوپن ووٹنگ کا معاملہ سپریم کورٹ میں زیرِ سماعت ریفرنس کے فیصلے کے بعد ہو گا۔ سینیٹ انتخاب کے لیے مختلف سیاسی جماعتوں نے امیدوار نامزد کرنے کی تیاریاں شروع کر رکھی ہیں اور جلد امیدواروں کے ناموں کا اعلان متوقع ہے۔