یوسف رضاگیلانی، فرحت اللہ بابر پی ڈی ایم کی طرف سے امید وار ہوں گے

  • جمعہ 12 / فروری / 2021
  • 6590

پاکستان پیپلز پارٹی  نے سینیٹ انتخابات کے لیے اپنے اُمیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا۔ سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی اور فرحت اللہ پی ڈی ایم کے مشترکہ اُمیدوار ہوں گے۔

بلاول ہاؤس کراچی سے جاری بیان کے مطابق پی پی پی کے بورڈ کی جانب سے سینیٹ انتخابات 2021 کے لیے جن اُمیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دی گئی ہے ان کے نام جاری کر دیے گئے ہیں۔ سندھ سے پی پی پی کے اُمیدواروں میں جام مہتاب ڈاہر، تاج حیدر، سلیم مانڈوی والا، شیری رحمٰن، شہادت اعوان، ٹیکنوکریٹ کی نشست پر فاروق نائیک، شہادت اعوان اور کریم خواجہ شامل ہیں۔ خواتین کی نشستوں پر پلوشہ خان، خیرالنسا مغل اور رخسانہ شاہ کورنگ کے طور پر پی پی پی کی اُمیدوار ہوں گی۔

پی پی پی نے پنجاب اور خیبر پختونخوا سے ایک ایک اُمیدوار کو میدان میں لانے کا اعلان کیا ہے۔ پنجاب سے جنرل نشست کے لیے عظیم الحق منہاس پی پی پی کے اُمیدوار ہوں گے جبکہ اعلامیے کے مطابق فرحت اللہ بابر خیبر پختونخوا سے پی ڈی ایم کے مشترکہ اُمیدوار ہوں گے۔ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا نام اسلام آباد سے پی ڈی ایم کے مشترکہ اُمیدوار کے طور پر تجویز کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان  نے گزشتہ روز سینیٹ انتخابات کا شیڈول جاری کیا تھا جس کے تحت ایوانِ بالا کی نشستوں پر اُمیدواروں کو منتخب کرنے کے لیے پولنگ 3 مارچ کو ہو گی۔ الیکشن کمیشن کے جاری کردہ انتخابی پروگرام کے مطابق اُمیدوار اپنے کاغذات نامزدگی 12 اور 13 فروری 2021 کو ریٹرننگ افسران کے دفاتر میں جمع کروا سکتے ہیں۔