پی ٹی آئی نے حفیظ شیخ، ثانیہ نشتر سمیت 13 اُمیدوار نامزد کردیے

  • جمعہ 12 / فروری / 2021
  • 5270

پاکستان تحریک انصاف نے سینیٹ انتخابات کے لیے 13 اُمیدواروں کے نام فائنل کرلئے ہیں۔ ان کا اعلان وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد سے سینیٹ کی نشست کے لیے فوزیہ ارشد اور وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ پی ٹی آئی کے انتخابی اُمیدوار ہوں گے۔  پنجاب سے سیف اللہ نیازی، ڈاکٹر زرقا اور بیرسٹر علی ظفر کو انتخابی اُمیدوار چنا گیا ہے جبکہ باقی ناموں کا اعلان بعد میں ہوگا۔

سندھ سے وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واڈا سینیٹ کا الیکشن لڑیں گے اور ٹیکنو کریٹ نشست پر سیف اللہ ابڑو تحریک انصاف کے اُمیدوار ہوں گے جبکہ بلوچستان سے عبدالقادر کا نام فائنل کیا گیا ہے۔ خیبر پختونخوا سے موجودہ سینیٹر اور وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز، معاون خصوصی برائے تخفیف غربت ثانیہ نشتر ، محسن عزیز، دوست محمد اور فرزانہ کا نام حتمی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ باقی اُمیدواروں کے ناموں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ دیگر سیاسی جماعتوں کے برعکس پی ٹی آئی نے آئندہ سینیٹ انتخابات کے لیے پارٹی ٹکٹ کے خواہش مند افراد سے باقاعدہ درخواستیں طلب نہیں کی تھیں۔ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے بتایا تھا کہ اس حقیقت کے باوجود کہ ہم نے خواہش مند اُمیدواروں سے درخواستیں وصول نہیں کیں، پارلیمانی بورڈ کے اراکین کے ٹیلی فونز پر ٹکٹس کے لیے پیغامات اور درخواستوں کا سیلاب آیا ہوا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کی سینئر قیادت بشمول وزیراعظم عمران خان نچلی سطح پر پارٹی کارکنان کو جانتے ہیں۔ وہ ایسے لوگوں میں سے کچھ کو ٹکٹس دینے کا کہہ سکتے ہیں جنہوں نے پارٹی ٹکٹ کے لیے درخواست تک نہیں کی لیکن قیادت سمجھتی ہے کہ یہ سینیٹ کے لیے بہترین شخص ہے۔

یاد رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے گزشتہ روز سینیٹ انتخابات کا شیڈول جاری کیا تھا جس کے تحت ایوانِ بالا کی نشستوں پر اُمیدواروں کو منتخب کرنے کے لیے پولنگ 3 مارچ کو ہو گی۔ الیکشن کمیشن کے جاری کردہ انتخابی پروگرام کے مطابق اُمیدوار اپنے کاغذات نامزدگی 12 اور 13 فروری 2021 کو ریٹرننگ افسران کے دفاتر میں جمع کروا سکتے ہیں۔