اوپن بیلٹ کی حمایت کرکے اپوزیشن اپنی ساکھ بچا سکتی تھی: شبلی فراز
- ہفتہ 13 / فروری / 2021
- 4880
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ اپوزیشن پاکستان کی سیاست میں پیسے کے کلچر کو ختم کرنے کے خواہش مند نہیں ہے۔ اگر وہ اس نیک کام میں اپنا حصہ ڈالتے تو ان کی بچی کچی ساکھ بچ جاتی۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایسا نظام تشکیل دینا چاہتے ہیں کہ سینیٹ انتخابات کے بعد کسی سینیٹر پر خرید و فروخت کا الزام نہ لگے۔ شفاف طریقے سے پارلیمنٹ یا ایوان کا حصہ بننے پر کوئی سوال نہیں اٹھا سکتا اور جمہوری عمل کو آگے بڑھتا ہے۔
شبلی فراز نے سینیٹ میں اوپن بیلٹ انتخابات کی مخالفت کرنے والوں کو مخاطب کرکے کہا کہ وہ لوگ پاکستان کی سیاست میں پیسے کے کلچر کو ختم کرنے کے خواہش مند نہیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بیک ڈور خرید وفروخت ختم ہوگی تو پروفیشنل اور قابل لوگ بھی انتخابات میں حصہ لے سکتے ہیں۔ تحریک انصاف نے پُر جوش اور عوام کی خدمت کرنےکا جذبہ رکھنے والے نوجوانوں کو ٹکٹ دیا ہے۔
سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ اگر اپوزیشن سینیٹ کے اوپن بیلٹ انتخابات کی حمایت کرتے تو ان کی بچی کچی ساکھ بچ جاتی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سینیٹرز انتخابات میں پارٹی کے نامزد کردہ امیدواروں کو ہی ووٹ دیں گے۔ پارٹی کی جانب سے سینیٹر کے لیے اس امیدوار کو اہمیت دی جائے گی جس کا ماضی کرپشن سے پاک ہو اور ملک و قوم کے لیے اس کی خدمات ہوں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں قوم سے سوال کرتا ہوں کیا آپ کیا چاہیں گے کہ آپ کا بیٹا نواز شریف بنے، آصف علی زرداری بنے یا عمران خان بنے، یہ فیصلہ آپ کا ہے۔