پیسے نہیں تعلقات کی بنیاد پر الیکشن لڑتے ہیں: یوسف رضا گیلانی
- ہفتہ 13 / فروری / 2021
- 4500
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم کے تمام فیصلے اتفاق رائے سے ہوتے ہیں۔ ہم پیسے نہیں تعلقات کی بنیاد پر الیکشن لڑتے ہیں، کبھی ہارس ٹریڈنگ پر یقین نہیں کیا۔
اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں واحد متفقہ وزیر اعظم نامزد ہوا تھا۔ اپوزیشن نے بھی مجھے ووٹ دیا اس میں کونسا پیسہ ملوث تھا؟ انہوں نے کہا کہ آئین کے مطابق الیکشن ہوگا تو لوگ اپنے ضمیر کے مطابق ووٹ کریں گے جس میں وہ امیدوار، پارٹی کی کارکردگی اور پی ڈی ایم کے الائنس کو بھی دیکھیں گے۔
یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ملک کو آئین دیا اور اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر اسے اس کی اصل حالت میں بحال بھی کیا۔ ہم قانون کی حکمرانی، آئینی اختیارات پر یقین رکھتے ہیں۔ ہر ایک کو آئین کے دائرے میں رہ کر اپنا کام کرنا چاہیے۔ اس سے کوئی تصادم نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے تمام فیصلے اتفاق رائے سے ہوتے ہیں، مجھے ٹکٹ دینے پر اپنی پارٹی قیادت اور پی ڈی ایم کا مشکور ہوں۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین میرے عزیز ہیں مگر ان سے کوئی بات نہیں ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ہمیں موقع ملا تو قومی اسمبلی اور سینیٹ کی کارکردگی میں بہت بڑا فرق نظر آئے گا۔
انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد سے سینیٹ میں خواتین کی نشست سے ہماری جماعت سے شیری رحمٰن، پلواشہ خان، خیر النسا مغل کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے بتایا کہ اسلام آباد سے مسلم لیگ (ن) کی امیدوار فرح اکبر ہوں گی۔
ایک سوال کے جواب میں شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ دنیا میں کہیں بھی ووٹنگ اوپن بیلٹ نہیں ہوتی۔ اگر اسے تبدیل کرنا ہے تو پارلیمانی کمیٹی بننی چاہیے جہاں اس پر بحث ہوگی۔ اگر سینیٹ انتخابات اوپن ہوں گے تو قومی اسمبلی اور صوبائی انتخابات بھی اوپن کرانے پڑیں گے۔
یوسف رضا گیلانی نے اسی پر کہا کہ آئین میں ترمیم طریقہ کار کے مطابق ہونی چاہیے، جہاں ووٹوں کی بات ہورہی ہے اس موقع پر آرڈیننس آئے گا تو بہت سارے خدشات پیدا ہوں گے۔