فوج کو گالی دینے والوں کی زبان کھینچ لینی چاہیے: شیخ رشید

  • اتوار 14 / فروری / 2021
  • 5400

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان بنانے کی مخالف جماعتیں ملک میں انتشار پھیلا کر اسے عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہتی ہیں. جو لوگ فوج کو گالی دیتے ہیں ان کی زبان گدی سے کھینچ لینی چاہیے۔

اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ  بیرون ملک سفارتخانوں میں جن اہلکاروں کی 3سال کی مدت پوری ہوچکی ہے، انہیں فوری طور سے واپس بلا لیا جائے گا۔ وزیر داخلہ کا دعویٰ تھا کہ ان میں سے بعض لوگ 12، 12 سال وہاں  بیٹھے ہیں۔ کئی نے وہاں شہریت لے لی ہے۔

جو ایک مہینے میں  پاکستان میں واپس رپورٹ نہیں کرے گا اس کو نوکری سے نکال دیں گے. اس کا پاکستان پر کوئی حق نہیں۔ جو شخص بیرون ملک شہریت لے چکا ہو گا وہ یہاں نوکری سے ہاتھ دھو بیٹھے گا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ ووٹ چاہے اوپن ہو یا سیکرٹ لیکن بکنے والا ووٹ میونسپل کارپوریشن میں بھی بکتا تھا. ہم بھی بہت سارے لوگوں کو مکہ مدینہ لے کر گئے اور بعد میں آ کر انہوں نے ووٹ پھر کسی دوسرے کو دیا. ہم نے کونسلر کے الیکشن میں بڑی بڑی پاکیزہ جگہ جا کر حلف اور عہد لیے لیکن واپس آئے تو ایک ووٹ سے پھر ہار گئے۔

بِکنے اور بَکنے والوں کی ایک کلاس ہوتی ہے. الیکشن اوپن کریں یا سیکرٹ، جس نے بکنا ہے وہ بک جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں معیشت بہتر ہوگی۔ کووڈ-19 سے ہندوستان تباہ و برباد ہو گیا، اس کی صنعتیں تباہ ہو رہی ہیں، امریکا میں ایک ایک دن میں چار چار لاکھ لوگ کووڈ-19 کا شکار ہوئے ہیں۔ لیکن اس کی نسبت پاکستان میں ہم اس بیماری سے کافی حد تک نکل گئے ہیں۔ اس کا سہرا جہاں عمران خان کو جاتا ہے۔ اور عظیم پاک فوج کو بھی جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کل بلوچستان میں چار لوگ شہید ہوئے ہیں۔ وہ بلوچستان کے نہیں بلکہ اپنی جان پاکستان کے لیے دیتے ہیں۔ جو لوگ فوج کو گالی دیتے ہیں ان کی زبان گدی سے کھینچ لینی چاہیے، کیوں کہ ہمارے ان سپوتوں نے جان ہتھیلی پر رکھ کر دہشت گردی ختم کی۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ ہر دوسرے روز خبر آتی ہے کہ دو فوجی یا چار فوجی شہید ہو گئے، یہ ملک کو اندر سے تباہ کرنے کی ہندوستان کی سازش ہے۔ بھارت کو پتا ہے کہ وہ ملک کی سرحدوں سے چھیڑ چھاڑ نہیں کر سکتا۔ انہیں پتا ہے کہ پاکستان کی سرحدوں پر آئے تو 20 کروڑ لوگ پاک فوج کے ساتھ مل کر اپنی جان دینا اعزاز سمجھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کی سیاست میں وہی لوگ انتشار پھیلا رہے ہیں جو پاکستان بنانے کے مخالف تھے۔ وہی پارٹیاں جو پاکستان بنانے کی مخالف تھیں، وہ پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتی ہیں۔ مجھے دکھ صرف مسلم لیگ کا ہے۔ کوئی مسلم لیگی پاک فوج کے خلاف بات نہیں کر سکتا اور وہ مسلم لیگی ہی نہیں ہے جو پاک فوج کے خلاف بات کرے۔

وزیر داخلہ نے کہا میں پی ڈی ایم سے کہنا چاہتا ہوں کہ اگر آپ نے قانون کے دائرے میں یہاں لانگ مارچ کیا تو کوئی مسئلہ نہیں ہو گا۔ اگر آپ قانون کے دائرے سے باہر نکلیں گے تو پھر کارروائی ہوگی۔