پاکستان میں ویکسین کے لئے 65 سال سے زائد عمر کے لوگ رجسٹریشن کروا سکتے ہیں
- سوموار 15 / فروری / 2021
- 4960
حکومتِ پاکستان نے ملک بھر میں 65 سال سے زائد عمر کے افراد کے لیے کورونا ویکسی نیشن کی رجسٹریشن کا اعلان کیا ہے۔ اس دوران نجی شعبے کو ویکسین درآمد کرنے کی اجازت بھی دی گئی ہے۔
پاکستان کے وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے پیر کو اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ ملک بھر میں 65 برس یا اس سے زائد عمر کے افراد اپنا شناختی کارڈ نمبر دے کر کورونا ویکسی نیشن کے لیے رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔ معمر افراد کو کرونا ویکسی نیشن کا عمل مارچ میں شروع کیا جائے گا۔
پاکستان کی وزارتِ صحت نے گزشتہ ہفتے نجی شعبے کو ویکسین کی خریداری کی اجازت دی تھی جس کے بعد یہ تاثر پیدا ہوا تھا کہ حکومت شہریوں کو مفت ویکسین فراہم کرنے کے وعدے سے دست بردار ہو گئی ہے۔ جس پر حکومت کو تنقید کا بھی سامنا ہے۔
وزیرِ اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا ہے کہ نجی شعبے کو ویکسین کی درآمد کی اجازت کا ہر گز مطلب یہ نہیں کہ حکومت مفت ویکسین مہیا کرنے کے وعدے سے دستبردار ہو گئی ہے۔ حکومت نجی شعبے کو عوام کا استحصال نہیں کرنے دی گی اور ویکسین کی دستیابی کے ساتھ ہی اس کی قیمت مقرر کر دی جائے گی۔
نجی کمپنیوں کو کورونا وائرس کی ویکسین کی خریداری اور ملک میں اس کی درآمد کی اجازت کے فیصلے کے بعد یہ امکان پیدا ہو گیا ہے کہ جو لوگ ویکسین کے اخراجات برداشت کر سکتے ہیں، وہ اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ ڈاکٹر فیصل سلطان کہتے ہیں کہ ویکسین درآمد کرنے کی اجازت نجی شعبے کے مطالبے پر دی گئی ہے۔
پاکستان میں ہنگامی بنیاد پر جن ویکیسنز کے استعمال کی اجازت دی گئی ہے اُن میں چین کی سائنوفام، کینسینو بائیو اور برطانوی دوا ساز کمپنی ایسٹرا زینیکا کے ساتھ ساتھ روسی ویکسین 'اسپوتنک فائیو' بھی شامل ہے۔ ماہرینِ صحت کا کہنا ہے کہ پاکستان کے لیے ویکسین کی درآمد کا فیصلہ اس لیے بھی اہم ہے کیوں کہ پاکستان کو اب تک کسی بھی کمپنی سے بڑی مقدار میں ویکسین نہیں مل سکی۔
پاکستان کو رواں ماہ چین کی جانب سے محض پانچ لاکھ خوراکیں ملی تھیں جو صحت کے شعبے سے وابستہ افراد کو ترجیحی بنیاد پر لگائی جا رہی ہے۔ اس دوران یہ خبریں بھی سامنے آئی ہیں کہ چینی ویکسین لگوانے کے بارے میں پاکستان کے طبی عملہ میں شبہات اور بے یقینی پائی جاتی ہے۔ بعض لوگ سمجھتے ہیں کہ حکومت ان پر ویکسین کا تجربہ کرنا چاہتی ہے۔