قانونی طور سے نواز شریف کے پاسپورٹ کی تجدید نہیں ہوسکتی: شیخ رشید

  • منگل 16 / فروری / 2021
  • 5150

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ جس فرد کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ہو، اسے پاسپورٹ جاری نہیں کیا جاسکتا اور نہ اس کی تجدید ہوسکتی ہے۔ اگر نواز شریف واپس ملک میں آنا چاہیں تو ایمرجنسی ٹریولنگ ڈاکومنٹ جاری کیا جاسکتا ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ اگر انہیں پاکستان آنا ہو اور بیرونِ ملک سفارتخانے میں اپلائی کریں تو انہیں ایک سرٹیفکیٹ جاری کیا جاسکتا ہے جسے ای ٹی ڈی کہتے ہیں۔  آج رات 12 بجے نواز شریف کے پاسپورٹ کی قانونی حیثیت ختم ہوجائے گی۔

شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف کو پاکستان آنے سے نہیں روکا جارہا۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے اپنی سرجری کی بات کی ہے اور ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ وہ اس کے لیے باہر جانے کی درخواست نہیں کریں گی۔ تو اچھی بات ہے کسی نے نہ درخواست کی نہ ہم نے مانگی، یہ تو درخواست گزار پر منحصر ہے کہ وہ نہ دینا چاہے یہ اس کی مرضی ہے۔ مریم نواز کا نام بھی ای سی ایل میں درج ہے۔

سینیٹ انتخاب کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ کہہ رہے ہیں کہ کوئی سرپرائز ہوجائے گا تو کوئی سرپرائز نہیں ہوگا۔ عمران خان سینیٹ کا الیکشن جیتے گا اور اس پر سپریم کورٹ کا اہم فیصلہ آنے والا ہے جس میں واضح ہوگا کہ انتخاب کے لیے خفیہ رائے شماری ہوگی یا اوپن ہوگی۔ وفاقی وزیر داخلہ نے اُمید ظاہر کی کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ 3 مارچ سے پہلے آجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بکنے والے لوگوں کا ضمیر مردہ ہوتا ہے ورنہ لوگ اپنا ضمیر فروخت نہیں کرتے اور جو ایک مرتبہ بکتا ہے وہ 10 مرتبہ بکتا ہے اور آصف زرداری نے ووٹوں کی خریداری میں پی ایچ ڈی کی ہوئی ہے لیکن انہیں مایوسی ہوگی۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ اپوزیشن کے لئے اسلام آباد میں اس وقت تک کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی جب تک قانون کو ہاتھ میں لیں۔