اقوام متحدہ دبئی کے حکمران کی بیٹی کا معاملہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ اٹھائےگی
- تحریر بی بی سی اردو
- بدھ 17 / فروری / 2021
- 8580
اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ وہ دبئی کے حکمران کی بیٹی شہزادی لطیفہ کی حراست کا معاملہ متحدہ عرب امارات کے حکام کے ساتھ اٹھائیں گے۔
شہزادی لطیفہ نے الزام لگایا تھا کہ اُن کے والد نے انہیں دبئی میں یرغمال بنا رکھا ہے۔ انہوں نے 2018 میں یہاں سے بھاگنے کی کوشش بھی کی تھی جو کامیاب نہیں رہی تھی۔ بی بی سی کو موصول ہونے والی خفیہ ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شہزادی لطیفہ کہتی ہیں کہ ان کی زندگی خطرے میں ہے۔ اس ویڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد عالمی سطح پر اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ معاملے کی تحقیقات کرے۔
اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کے دفتر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات سے شہزادی لطیفہ کے بارے میں دریافت کیا جائے گا۔ اقوام متحدہ میں لوگوں کی حراست کے معاملات پر ورکنگ گروپ کے ترجمان کے مطابق شہزادی لطیفہ کی ویڈیوز کی جانچ پڑتال کے بعد تحقیقات کا آغاز کیا جائے گا۔
برطانیہ کے خارجی اور ترقیاتی اُمور کے دفتر نے اپنے بیان میں اسے ایک تشویشناک کیس قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ان کا براہ راست اس کیس سے اس کا تعلق نہیں لیکن ہر پیش رفت پر نظر رکھی جائے گی۔
دبئی کے حکمراں کی بیٹی نے خفیہ ویڈیو پیغامات میں اپنے دوستوں کو بتایا کہ ان کی جان کو خطرہ ہے کیونکہ ان کے والد نے انہیں ’یرغمال‘ بنا رکھا ہے۔ بی بی سی پینورما کے ساتھ شیئر کردہ ایک فوٹیج میں شہزادی لطیفہ المکتوم نے کہا ہے کہ جب وہ کشتی کے ذریعے فرار ہوئیں تو کمانڈوز نے انہیں نشہ آور ادویات دیں اور واپس لے آئے۔
خفیہ پیغامات اب رک گئے ہیں اور ان کے دوست اب اقوام متحدہ سے درخواست کر رہے ہیں کہ وہ مداخلت کرے۔
دبئی اور متحدہ عرب امارات پہلے بھی کہہ چکے ہیں کہ وہ (شہزادی) اپنے خاندان کے پاس محفوظ ہیں۔
اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی سابق ایلچی میری رابنسن انہیں ایک ’مصیبت زدہ نوجوان عورت‘ قرار دیا تھا ، اب کہتی ہیں کہ شہزادی کے خاندان نے ان کے ساتھ بڑا دھوکہ کیا ہے۔
اقوام متحدہ کی سابق ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق اور آئرلینڈ کی سابق صدر نے لطیفہ کی موجودہ حالت اور ان کا پتہ لگانے کے لیے بین الاقوامی اقدامات پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’میں لطیفہ کے بارے میں بہت پریشان رہوں گی۔ معاملات آگے بڑھ چکے ہیں۔ اور اس لیے مجھے لگتا ہے کہ اس کی تحقیقات ہونی چاہئیں۔‘
لطیفہ کے والد، شیخ محمد بن راشد المکتوم، دنیا کے امیر ترین حکمرانوں میں سے ایک ہیں۔ وہ دبئی کے حکمران اور متحدہ عرب امارات کے نائب صدر ہیں۔