شجرکاری آنے والی نسلوں کیلئے ضروری ہے: وزیراعظم

  • بدھ 17 / فروری / 2021
  • 5940

وزیراعظم عمران خان نے 10 ارب درختوں کے سونامی پروگرام کے تحت موسم بہار کی شجرکاری مہم 2021 کا آغاز کیا۔ اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان میں زمین اور سوچ میں ایک تبدیلی لے کر آرہے ہیں۔

ہماری آنے والی نسلوں کے لیے ضروری ہے کہ ہم اپنا طرز زندگی تبدیل کریں اور سوچیں کہ آج جو ہم اپنے ملک کے ساتھ کر رہے ہیں، اسے ہماری آنے والی نسلوں کو فائدہ ہوگا یا نقصان ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جو آج آپ کر رہے ہیں اس کے اللہ کی دی ہوئی زمین پر کیا اثرات آئیں گے اس کا سوچیں۔ ہم نے گزشتہ 70 سال میں نہ اپنی آخرت کی فکر کی اور نہ یہ سوچا یہ جس بے دردی سے ہم اپنے درخت کاٹ رہے ہیں، جنگلات ختم کر رہے ہیں اس کا آنے والی نسلوں کو کیا نقصان ہوگا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس کا سب سے زیادہ نقصان لاہور میں واضح ہے۔ میں لاہور میں بڑا ہوا، اس شہر کو اور پشاور کو باغوں کا شہر کہتے تھے لیکن آج جو وہاں آلودگی ہے وہ ہمارے اور بچوں کے لیے نقصان دہ ہے۔ ایک اندازے کے مطابق آج لاہور میں، کراچی میں اور اس کے بعد پشاور میں جو آلودگی ہے اس سے انسان کی زندگی اوسطاً 11 سال کم ہوتی ہے۔ خاص طور پر اس کے بچوں اور بزرگوں پر برے اثرات ہیں۔

انہوں نے کہا آلودگی کی وجہ ہے کہ گزشتہ 20 سال میں لاہور کے 70 فیصد درخت کاٹ دیے گئے اور شہر سیمنٹ کا جنگل بن گیا جس کے اثرات تو آنے تھے۔ ہم نے لاہور میں 50 مقامات ڈھونڈے ہیں جہاں جنگل لگائے جائیں گے کیونکہ یہ ایسا جنگل ہے جو بہت تیزی سے اگتا ہے اور آج اس کا اسلام آباد میں آغاز کیا گیا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ ہم نے اسلام آباد میں یہ پہلی جگہ کا انتخاب کیا ہے اس کے علاوہ یہاں 20 مزید مقامات پر اسی طرح کا جنگل اگایا جائے گا۔ نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ آپ کے مستقبل کے لیے بہت ضروری ہے۔ ہماری حکومت آپ کے ساتھ مل کر پورے پاکستان کو سبز پاکستان بنا دے گی۔ اس میں آپ کی مدد کی ضرورت ہے کیونکہ حکومت ایک ماحول بنا سکتی اور فنڈنگ کرسکتی لیکن اصل میں ایک قوم اپنے مستقبل کو ٹھیک کرتی ہے۔

وزیراعظم نے ملک کے نوجوانوں و طلبہ سے اپیل کی کہ آپ نے اپنے مستقبل کو بچانے کے لیے اس میں بھرپور حصہ لینا ہے اور ہم آپ کے ساتھ ملک کر اس ملک کو سبز پاکستان بنا دیں گے۔