ضمنی انتخابات کے دوران سیالکوٹ میں فائرنگ سے دو افراد جاں بحق

  • جمعہ 19 / فروری / 2021
  • 6810

سیالکوٹ میں ضمنی انتخاب کے دوران فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق اور دیگر 7 زخمی ہوگئے۔ عینی شاہدین کے مطابق ڈسکہ کے ایک پولنگ اسٹیشن میں مسلح افراد نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے دوکارکن ہلاک ہوگئے۔

پولیس کی بھاری نفری علاقےمیں تعینات کر دی گئی ہے۔ عینی شاہدین نے بتایا ہے کہ علاقے میں اسلحے کی سرعام نمائش ہوتی رہی ہے اور کہیں بھی قانون کی بالادستی نظر نہیں آئی۔ ڈی پی او سیالکوٹ نے دو افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ فائرنگ سے 3 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے  کہ مرکزی ملزم جاوید ہے، جس کا تعلق پاکستان مسلم لیگ (ن) سے ہے۔ اس کی پولنگ اسٹیشن پر جاں بحق ہونے والے ایک کارکن سے تلخ کلامی ہوئی تھی۔ وہ بعد ازاں پولنگ اسٹیشن میں واپس آیا تو پی ٹی آئی کے کارکن عمارت سے باہر نکل رہے ہیں۔ اس موقع پر فائرنگ ہوئی۔

پولیس ملزم کو گرفتار کرنے کے لئے چھاپے مار رہی ہے۔ پنجاب کے آئی جی انعام غنی نے ریجنل پولیس افسر کو ملزمان کو فوری گرفتار کرنے کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بھی واقعے کا نوٹس لیا اور ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ ڈسکہ کے ضمنی الیکشن میں فائرنگ کے واقعے میں ملوث تمام ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرکے قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا دی جائے گی۔

خیال رہے کہ این اے75 کی نشست پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن سید افتخارالحسن کے انتقال پر خالی ہوئی تھی۔ ان کی بیٹی ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کی امیدوار ہیں۔ ضمنی انتخابات میں فائرنگ کا الزام حکمران جماعت پی ٹی آئی اورمسلم لیگ (ن) نے ایک دوسرے پر عائد کیا ہے۔ پولیس کی موجودگی میں مختلف علاقوں میں تصادم ہوا۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں اور کارکنوں نے صوبائی حکومت پر پولنگ میں مداخلت کے الزامات عائد کیے اورکہا کہ ووٹرز کو ووٹ کاسٹ کرنے سے روکا گیا۔ رانا ثنااللہ اور دیگر رہنماؤں نے کہا ہے کہ 8 بجے تک پولنگ کو یقینی بنایا جائے تاکہ تمام شہری ووٹ کاسٹ کر سکیں۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان سےجاری ایک نوٹی فکیشن میں کہا ہے کہ ووٹنگ کا وقت 5 بجے تک مقرر تھا لیکن جو لوگ پولنگ اسٹیشن کے اندر ہیں انہیں ہر صورت ووٹ کاسٹ کرنے کی اجازت دی جائے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے ایک ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ میں مسلم لیگ ن کے ورکرز سے درخواست کرتی ہوں کہ آپ نے پی ٹی آئی کے حکومتی اراکین اور پولیس کی کھلم کھلا غنڈہ گردی اور دھاندلی کے باوجود جس جرآت بہادری اور عزم سے ووٹ ڈالا ہے۔ اب اسی جرات اور بہادری سے اپنے ووٹ پر پہرہ بھی دیں اور اس کی حفاظت کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ کارکنان ووٹوں کی گنتی اور بیلٹ باکس کی ترسیل کے دوران نہ صرف پولنگ اسٹیشنز میں رہیں بلکہ بیلٹ پیپرز کی ترسیل کے دوران بھی ریٹرننگ افسروں کے دفاتر تک پہرا دیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے کے رہنما پولنگ اسٹیشن کے اطراف چکر لگا رہے ہیں۔ رانا ثنااللہ کی پولنگ کیمپ میں میڈیا سے گفتگو الیکشن کمیشن کے قواعد کی خلاف ورزی ہے۔

ڈسکہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کا روایتی لہجہ اور تسلیم نہ کرنے کی دہشت پسندانہ ذہنیت یا پولنگ اسٹیشن میں سیاسی حریفوں کو برداشت نہ کرنے کی روایت سے ڈسکہ میں کشیدگی ہوئی۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے دو بھائیوں اور ایک پولنگ ایجنٹس کو زبانی طور پر ہراساں کیا گیا اور مارا گیا اور اسی دوران فائرنگ کے نتیجے میں ایک راہگیربھی زخمی ہوا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگ زیب نے کہا کہ پنجاب حکومت انتخابات کے دوران امن و امان برقرار رکھنے میں ناکام رہی ہے اور وہاں ایسی نفری تعینات نہیں کی گئی جو حالات پر قابو میں رکھتی۔