مادری زبان کا عالمی دن کیوں منایا جاتا ہے

اکیس فروری  کو مادری زبان کے عالمی دن کےطور پہ منایا جاتا ہے۔ اس سلسلے میں پاکستان میں بھی تقریبات ہوتی ہیں۔ لیکن اس دن کی تاریخ بہت کم لوگوں کو معلوم ہے۔

خاص طور سے پاکستان کے لوگوں کے لیے یہ جاننا بہت ضروری ہے۔ ہوسکتا ہے کہ یہ جاننے کے بعد ان کے لئے اس دن میں کوئی قابل فخر بات نہ رہے۔ یونیسکو کے بقول یہ دن منانے کا مقصد زبان و ثقافت کے تنوع کو اُجاگر کرنا اور کثیرالسانیت کو فروغ دینا ہے ۔ یونیسکو نے 17 نومبر 1999 کو یہ دن منانے کی تجویزپیش کی ۔ جسے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 2002 میں قراداد نمبر56/262 کے ذریعے منظور کر لیا۔ مادری زبان کا عالمی دن اقوام متحدہ کے اس وسیع پروگرام کا حصہ ہے جسے اسمبلی نے 16 مئی 2007 کو قراداد نمبر 61/266 کے ذریعے منظور کیا۔ اس پروگرام کا مقصد تمام دُنیا کی زبانوں کا تحفظ ہے۔

21 فروری کو مادری زبان کا عالمی دن منانے کی تجویز سب سے پہلے بنیادی طور پہ بنگلہ دیش کی طرف سے آئی جہاں اسے قومی دن کی طور پہ منایا جاتا ہے۔ بنگلہ دیش میں یہ دن ان شہدا کی یاد میں منایاجاتا ہے۔ جنہیں پاکستانی پولیس نے 1952 میں فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔ واقعہ کچھ یوں ہے  کہ برصغیر کی تقسیم کے فوراً بعد 1948 میں بابائے قوم قائداعظم نے ڈھاکہ کے ریس کورس گراونڈ میں تقریر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی قومی زبان اردو ہو گی۔ حالانکہ اس وقت بنگالی اکثریت میں تھے اور توقع کر رہے تھے کہ سرکاری زبانوں میں سے ایک بنگالی بھی ہو گی۔ لیکن ایسا نہ ہو سکا۔ جس پہ بنگالیوں نے احتجاج کیا لیکن ان کی نہ سُنی گئی۔

اس ایک فیصلے نے ملک کے دونوں بازوؤں میں نفرت اور عدم تحفظ کے جو بیج بوئے، وہ بڑھتے بڑھتے 1971 تک تناور درخت بن گئے۔ مجیب الرحمان نے اس ایشو کو خوب استعمال کیا۔ 1948 میں بنگالیوں کا یہ مطالبہ پاکستان کی مجلس قانون ساز میں مشرقی پاکستان کے رہنما دھریندرا ناتھ دتا نے پیش کیا ۔ لیکن اسے مسترد کر دیاگیا۔ البتہ بنگالیوں نے زبان کے لئے جدو جہد جاری رکھی۔ حکومت پاکستان نے مظاہروں پہ پابندی لگا دی۔ جب جنوری 1952 میں اردو کو باقاعدہ سرکاری زبان قرار دے دیا گیا تو بنگالیوں کے احتجاج میں شدت آ گئی۔ ڈھاکہ میں دفعی 144 نافذ کردی گئی۔ لیکن اس کے باوجود 21 فروری 1952 کے دن ڈھاکہ یونیورسٹی کے طلبہ نے عوام کے ساتھ مل کے ایک بہت بڑا جلوس نکالا۔ پولیس نے اس جلوس پہ فائر کھول دیا۔ جس سے پانچ طلبہ موقع پر جاں بحق ہو گئے۔ جن کے نام سلام، برکت، رفیق، جبار اور شفیع الرحمان تھے۔

کچھ لوگ کہتے ہیں کہ پولیس کی فائرنگ سے چالیس افراد جاں بحق ہوئے۔ سینکڑوں زخمی ہوئے۔ بنگالی اس دن کو اپنی آزادی کے لئے سنگ میل سمجھتے ہیں۔ وہ اس بات پہ فخر کرتے ہیں۔ کہ انہوں نے مادری زبان کے تحفظ کے لئے جانیں قربان کیں۔ ایسا تاریخ میں شاید ہی ہوا ہو کہ کسی قوم نے اپنی مادری زبان کے لئے جانیں دی ہوں۔ وہ چاہتے تھے کہ دُنیا کو اپنی اپنی مادری زبان کی اہمیت سے روشناس کرایا جائے۔ اور ان زبانوں کو معدوم ہونے سے بچایا جائے۔ اس لئے کینیڈا کے شہر وینکوور کے رہائشی دو بنگالیوں رفیق الاسلام اور عبدالسلام نے 1998 میں اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری کوفی عنان کو خط لکھ کر تجویز دی کہ اس دن کو عالمی دن کے طور پہ منایا جائے۔

اقوام متحدہ کی ویب سائٹ پہ اس سلسلے میں تحریر ہے کہ ’زبان کسی بھی ٹھوس اورمضبوط ورثے کے تحفظ اور ترقی کا ایک بہترین ذریعہ ہے۔ مادری زبان کو فروغ دینے اور پھیلانے کے لئے تمام اقدامات نہ صرف لسانی تنوع اور کثیرالسانی تعلیم کا باعث بنتے ہیں بلکہ ساری دُنیا میں لسانی اور ثقافتی روایات سے آگاہی بھی فراہم کرتے ہیں۔ اور افہام و تفہیم ، رواداری اور مکالمے کی بنیاد پہ یکجہتی کا موجب بنتے ہیں‘۔ رفیق الاسلام نے بنگلہ دیش کی اس وقت کی وزیراعظم شیخ حسینہ کو اس سلسلے میں تجویز بھیجی جو بنگلہ دیش کی پارلیمنٹ میں پیش کی گئی۔ پارلیمنٹ سے منظوری کے بعد اسے باقائدہ ایک قراداد کی شکل میں یونسکو میں بھجوایا گیا۔ جہاں بنگلہ دیش کے مستقل نمائندے سید معظم علی اور پھر توزمل حق نے یونیسکو میں اس کی منظوری کے لئے لابنگ کی۔ بالآخر 17 نومبر 1999 کے دن یونیسکو نے ڈھاکہ کے شہدا کی یاد میں 21 فروری کو مادری زبان کا عالمی دن قرار دے دیا۔

اب یہ دن ہر سال پوری دُنیا میں منایا جاتا ہے۔ جس معاملے کو ہماری اس وقت کی حکومت نے طاقت سے دبانے کی کوشش کی، اُس میں آج ساری دُنیا بنگالیوں کے ساتھ ہے۔ دلچسپ بات یہ کہ حکومت پاکستان نے 1954 میں بنگالی عوام کے اس مطالبے کو تسلیم کر لیا اور بنگالی پاکستان کی دوسری قومی زبان قرار پائی۔ لیکن اس وقت نفرتوں کے بیج بوئے جا چکے تھے۔ جو خلیج پیداہو چُکی تھی، وہ کبھی نہ پاٹی جا سکی۔ بلکہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ  وسیع سے وسیع تر ہوتی گئی۔ کیونکہ پاکستان کے ارباب اختیار کی ذہنیت اور رویہ تبدیل نہ ہوا۔  اس تحریک کے مضمرات پہ کبھی غور نہ کیا گیا۔ اس سے پیدا ہونے والی نفرتوں کو کم کرنے کی کبھی کوئی کوشش نہ کی گئی۔

اس روش کا جو نتیجہ نکلا اُس کی پہلی قسط 7 دسمبر1970 کے الیکشن والے دن سامنے آئی اور دوسری 16 دسمبر 1971 کو جب ہماری افواج نے اسی شہر ڈھاکہ میں بھارتی افواج کے سامنے ہتھیار ڈالے۔ اگر 1948 میں مجلس قانون ساز میں ہتھیار ڈال دیے جاتے تو شاید ڈھاکہ کے پلٹن میدان میں تقریب کبھی منعقد نہ ہوتی۔