بلوچستان سے پی ٹی آئی کے واحد اُمیدوار سینیٹ انتخابات سے دستبردار
- جمعہ 26 / فروری / 2021
- 7470
ڈرامائی طور پر سینیٹ انتخابات کے لیے پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ ہولڈر سید ظہور آغا نے اپنا نام واپس لے لیا ہے۔ اس کے علاوہ بلوچستان عوامی پارٹی کے 3 اُمیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لیے۔
پی ٹی آئی نے پہلے محمد عبدالقادر کو ٹکٹ دیا تھا جس پر پارٹی کے بلوچستان چیپٹر کی جانب سے شدید تنقید کے بعد وہ ٹکٹ ان سے واپس لے کر ظہور آغا کو دیا گیا تھا۔ ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے اُمیدوار سید ظہور آغا، بلوچستان عوامی پارٹی کے حق میں دستبردار ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بی اے پی کے صدر جام کمال خان علیانی نے پی ٹی آئی سے اپنے اُمیدوار کے حق میں دستبردار ہونے کی درخواست کی تھی تاہم اس ضمن میں پی ٹی آئی کی جانب سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔ ظہور آغا کے قریبی حلقوں کا کہنا تھا کہ وہ پی ٹی آئی بلوچستان کی صفوں میں اختلافات کی وجہ سے انتخابات سے دستبردار ہوئے۔ ظہور آغا کو ٹکٹ دینے کے معاملے پر بھی پارٹی میں اختلافات تھے۔
بلوچستان میں پی ٹی آئی کے پارلیمانی رہنما سردار یار محمد رند نے کہا تھا کہ پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے عبدالقادر سے ٹکٹ لے کر ظہور آغا کو دینے کے فیصلے سے انہیں آگاہ نہیں کیا تھا۔ سردار یار محمد رند کے بیٹے آزاد نشست پر سینیٹ انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ دوسری جانب پی ٹی آئی کے ٹکٹ کی واپسی کے بعد بحیثیت آزاد اُمیدوار اپنے کاغذات نامزدگی دوبارہ جمع کروانے والے عبدالقادر کو بی اے پی کی حمایت حاصل ہے۔
ظہور آغا کے دستبردار ہوجانے کے بعد اب بلوچستان سے سینیٹ انتخابات میں حصہ لینے کے لیے پی ٹی آئی کا کوئی اُمیدوار نہیں ہے۔ بی اے پی کے جن 3 اُمیدواروں نے حتمی تاریخ کو اپنے کاغذات نامزدگی واپس لیے ان میں اورنگزیب جمالدینی (عام نشست)، شائنہ خان (مخصوص نشست) اور خلیل جارج بھٹو (اقلیتی نشست) شامل ہیں۔
اب بلوچستان کے انتخابی میدان میں 32 اُمیدوار باقی بچے ہیں جن میں بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل، جمعیت علمائے اسلام فضل، عوامی نیشنل پارٹی، پختونخوا ملی عوامی پارٹی، پی این پی عوامی اور پاکستان نیشنل پارٹی کے اُمیدوار شامل ہیں۔
دوسری جانب ظہور آغاز کا کہنا ہے کہ بی اے پی کی قیادت کی درخواست پر وزیراعظم عمران خان کے دیے گئے حکم پر وہ سینیٹ انتخابات سے دستبردار ہوئے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارٹی نے جو بھی فیصلہ کیا میں قبول کرتا ہوں۔ مجھے سینیٹ کے ٹکٹ کی کوئی خواہش نہیں تھی، صرف وزیراعظم عمران خان کے حکم پر کاغذات نامزدگی جمع کروائے تھے۔