عمران خان کا یوم حساب شروع ہوگیا: حمزہ شہباز
- ہفتہ 27 / فروری / 2021
- 4670
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت پر رہائی کے بعد اپنے پہلے خطاب میں کہا ہے کہ جیل کی سلاخیں لیگی رہنماؤں کے لیے کوئی نئی بات نہیں ہے۔ آج پوری قوم نے احتساب کے تماشے کا منطقی انجام دیکھ لیا۔
کوٹ لکھپت جیل سے رہائی کے بعد کارکنوں سے خطاب کے دوران انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کے حوالے سے کہا کہ کبھی کسی نے ایسا لیڈر دیکھا جو اپنی بیمار بیوی کو چھوڑ کر اپنی بیٹی کا ہاتھ تھام کر جیل چلا گیا اور وزیر اعظم عمران خان نیازی کے انتقام کا سامنا کیا۔ انہوں نے کہا موجودہ حکومت کو تقریباً 3 سال مکمل ہونے کو آئے ہیں، یہ ایک جعلی حکومت ہے۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ 3 برس بدترین سیاسی انتقام کے باوجود حکومت نواز شریف اور شریف خاندان کے خلاف ایک پائی کی کرپشن ثابت نہیں کرسکی۔ حکومتی نمائندے روز ٹی وی شوز میں بیٹھ کر پیپر لہرا کر کہتے ہیں کہ ثبوت مل گئے، دراصل وہ جھوٹ بولتے ہیں۔ جب اپوزیشن کے خلاف کوئی ثبوت نہیں ملا تو اس کا غصہ عوام پر نکلا اور گزشتہ 6 ہفتوں سے دال، چینی، آٹا و دیگر اشیا کی قیمتوں میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جتنی قربانی دینی پڑی دیں گے لیکن اب وزیر اعظم عمران خان کا یو م حساب شروع ہوگیا ہے۔ ضمنی انتخابات میں نوشہرہ کے لوگوں نے حکومت کا دہرا معیار مسترد کردیا جو اس بات کی عکاسی ہے کہ نواز شریف نہیں بلکہ عمران خان چور ہے۔ بنی گالہ میں بیٹھ کر غریب کی جھونپڑی گرا دینے کا حکم دیا جاتا ہے۔
قبل ازیں لاہور احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں حمزہ شہباز کو کوٹ لکھپت جیل سے رہا کردیا۔ منی لانڈرنگ اور رمضان شوگر مل کیس میں گرفتار حمزہ شہباز گزشتہ 20 ماہ سے جیل میں قید تھے۔ احتساب عدالت کے ڈیوٹی جج اکمل خان نے اپوزیشن لیڈر کی دونوں کیس میں رہائی کی روبکار جاری کیں۔ عدالت نے ضمانتی مچلکوں کی جانچ پڑتال کے بعد روبکار جاری کی۔
حمزہ شہباز کی رہائی کے موقع پر مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز اور کارکنوں کی بڑی تعداد کوٹ لکھپت جیل کے باہر جمع تھی۔ لاہور ہائی کورٹ نے 24 فروری کو منی لانڈرنگ کیس میں حمزہ شہباز کی ضمانت منظور کرلی تھی۔