سینیٹ انتخابات پر صدارتی ریفرنس: سپریم کورٹ یکم مارچ کو فیصلہ سنائے گی

  • ہفتہ 27 / فروری / 2021
  • 3900

سپریم کورٹ پاکستان سینیٹ انتخابات اوپن بیلٹ سے کرانے سے متعلق صدارتی ریفرنس پر محفوظ شدہ فیصلہ یکم مارچ کو صبح 9 بجے سنائے گی۔

عدالت عظمیٰ کے رجسٹرار آفس کی جانب سے سپلیمنٹری کاز لسٹ جاری کی گئی ہے۔  سپلیمنٹری کاز لسٹ کے مطابق عدالت عظمیٰ کی جانب سے سینیٹ انتخابات اوپن بیلٹ سے کرانے سے متعلق صدارتی ریفرنس پر یکم مارچ کو رائے سنائی جائے گی۔  عدالت عظمیٰ نے اٹارنی جنرل آف پاکستان، الیکشن کمیشن آف پاکستان، چاروں صوبوں اور اسلام آباد کے ایڈووکیٹ جنرلز، سینیٹ چیئرمین و دیگر کو نوٹس جاری کردیے ہیں۔

واضح رہے کہ 25 فروری کو چیف جسٹس پاکستان گلزار احمد کی سربراہی میں 5 رکنی لاجر بنچ نے سینیٹ انتخابات اوپن بیلٹ سے کرانے سے متعلق صدارتی ریفرنس پرفیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔ 5 رکنی لارجر بنچ میں چیف جسٹس گلزار احمد کے علاوہ جسٹس مشیر عالم، جسٹس عمر عطا بندیال، جسٹس اعجازالاحسن اور جسٹس یحییٰ آفریدی شامل ہیں۔ وفاقی حکومت نے 23 دسمبر کو صدر مملکت کی منظوری کے بعد سینیٹ انتخابات اوپن بیلٹ کے ذریعے کرانے کے لیے سپریم کورٹ میں ریفرنس دائر کیا تھا۔

ریفرنس میں صدر مملکت نے وزیر اعظم کی تجویز پر سینیٹ انتخابات اوپن بیلٹ کے ذریعے کرانے کی تجویز مانگی ہے۔ وفاقی حکومت نے ریفرنس میں کہا تھا کہ خفیہ انتخاب سے الیکشن کی شفافیت متاثر ہوتی ہے اس لیے سینیٹ کے انتخابات اوپن بیلٹ کے ذریعے منعقد کرانے کا آئینی و قانونی راستہ نکالا جائے۔